
واشنگٹن ،16جون(ہ س)۔سابق امریکی صدر باراک اوباما نے ایران کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے معاہدے تک پہنچنے کی صلاحیت پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بنیادی طور پر 2015 میں ان کی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے جوہری معاہدے سے مختلف نہیں ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی طاقت کے استعمال کے بجائے سفارتی حل زیادہ موثر رہتے ہیں۔اوباما کا یہ تبصرہ ٹی وی پروگرام ’گڈ مارننگ امریکہ‘ میں ایک انٹرویو کے دوران سامنے آیا جو شکاگو میں اوباما صدارتی مرکز میں ریکارڈ کیا گیا۔ یہ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ نئے معاہدے کے اعلان سے ایک روز قبل کی بات ہے۔ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور ایران ایک ایسے معاہدے پر پہنچ گئے ہیں جس کے تحت آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جائے گا اور امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ معاہدے کی تفصیلات تا حال مکمل طور پر واضح نہیں ہیں۔ امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر اہل کار نے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں آبنائے کا دوبارہ کھلنا اور ایرانی جوہری پروگرام کو ختم کرنا ممکن ہو گا، اس کے علاوہ امریکہ کو ایران کا افزودہ یورینیم کا ذخیرہ بھی حاصل ہو جائے گا۔یہ نیا معاہدہ 2015 میں ایران اور بڑی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے سے ٹرمپ کے دست بردار ہونے کے آٹھ سال بعد سامنے آیا ہے۔ اس کی قیادت اوباما انتظامیہ نے کی تھی اور ٹرمپ نے اس وقت اسے تاریخ کا بد ترین معاہدہ قرار دیا تھا۔اوباما نے انٹرویو میں کہا کہ یہ شک کی بات ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے پیش کردہ کوئی بھی معاہدہ پہلے والے معاہدے کے مقابلے میں نمایاں طور پر مختلف ہو یا اس میں بنیادی بہتری کی نمائندگی کرتا ہو۔ اوباما نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ نے جو معاہدہ کیا تھا وہ طویل عرصے تک موثر ثابت ہوا تھا، یہاں تک کہ امریکہ اس سے دست بردار ہو گیا۔سابق صدر نے مزید کہا کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ کوئی بھی نیا معاہدہ نمایاں طور پر مختلف یا اس معاہدے سے بہتر ہو جو ہم نے اصل میں طے کیا تھا، جس نے امریکہ کے اس سے دست بردار ہونے سے پہلے ایک طویل عرصے تک کامیابی کے ساتھ کام کیا۔اوباما نے خطے میں لڑائی ختم ہونے کی امید کا بھی اظہار کیا اور فیصلہ سازوں پر زور دیا کہ وہ عسکری کارروائیوں کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ بمباری کے آپریشن رک جائیں گے اور عام شہری جنگ کی وجہ سے مزید مصائب کا شکار نہیں ہوں گے۔ سابق صدر نے مزید کہا کہ بہت سے پیچیدہ بین الاقوامی بحرانوں کو صرف دباو یا فوجی طاقت سے حل نہیں کیا جا سکتا... اور مذاکرات اور معاہدوں تک پہنچنا جنگ میں جانے سے بہتر آپشن ہے۔اوباما نے مزید کہا کہ ہمیں اب تک یہ سبق سیکھ لینا چاہیے تھا، لیکن ایسا لگتا ہے کہ ہمیں وقتاً فوقتاً اسے دوبارہ سیکھنا پڑتا ہے۔ٹرمپ نے 28 فروری کو ایران کے خلاف بڑی جنگی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا، جس میں امریکی اور اسرائیلی مشترکہ حملے شامل تھے جن میں فوجی اور سرکاری مقامات اور بنیادی ڈھانچے کو نشانیاں بنایا گیا تھا۔ ابتدائی جنگ بندی اور اپریل کے دوران پاکستان میں ناکام امریکی ایرانی مذاکرات کے بعد، جنگ بندی میں توسیع کے ساتھ مذاکرات جاری رہے۔ٹرمپ کی جانب سے 14 جون کو سوشل میڈیا کے ذریعے ایران کے ساتھ نئے معاہدے تک پہنچنے کے اعلان کے بعد... ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے معاہدے کے مسودے کی تکمیل کی تصدیق کی اور اشارہ دیا کہ اس پر آئندہ جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں دستخط کیے جائیں گے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan