
سیوان، 16 جون (ہ س)۔ سمستی پور جا رہی اسپیشل ٹرین نمبر 04731 میں منگل کے روز ایک خاتون مسافر کو اچانک دردِ زہ شروع ہو گیا۔ صورتِ حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سیوان ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے مستعدی دکھاتے ہوئے ’آپریشن ماتر شکتی‘ کے تحت ماں اور نوائیدہ بچے کو محفوظ طبی امداد فراہم کی۔
خاتون مسافر نے ٹرین میں ہی بچی کو جنم دے دیا۔ معلومات کے مطابق، سمستی پور ضلع کے دھلمت پور گاوں کے رہائشی سنجیت ساہنی اپنی بیٹی ودیا کماری کے ساتھ سرسا سے سمستی پور جا رہے تھے۔ سفر کے دوران ٹرین کے جنرل کوچ میں ودیا کماری کو دردِ زہ شروع ہو گیا۔ اسی دوران ٹرین سیوان ریلوے اسٹیشن پہنچی، جہاں آر پی ایف کو اس کی اطلاع ملی۔
اطلاع ملتے ہی پالی انچارج سریش کمار یادو، ہیڈ کانسٹیبل دھرم پرکاش مشرا اور کانسٹیبل ونود کمار ورما موقع پر پہنچ گئے اور خاتون کو فوری طور پر ٹرین سے اتار کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ اس کے بعد ایمبولینس بلا کر ماں اور نوزائیدہ بچی کو بہتر علاج کے لیے صدر اسپتال، سیوان بھیجا گیا۔
اہل خانہ نے بتایا کہ سفر کے دوران ہی خاتون نے ایک صحت مند بیٹی کو جنم دیا۔ آر پی ایف کی فوری کارروائی سے ماں اور نوزائیدہ کو وقت پر طبی امداد مل سکی۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ ’آپریشن ماترِ شکتی‘ کا مقصد سفر کے دوران حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ سیوان اسٹیشن پر آر پی ایف کی مستعدی سے ایک بار پھر اس مہم کی افادیت ثابت ہوئی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن