جنگ نے بنکروں کی کمر توڑی، روزی روٹی کا بحران شدید ہوا
بھاگلپور، 16 جون (ہ س)۔ پہلے سے بدحال بھاگلپور کی سلک انڈسٹری امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ سے مزید بدحال ہو گئی ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگ کے حالات نے بھاگلپور کی سلک انڈسٹری کی کمر توڑ دی ہے، جس سے بنکروں کی اقتصادی حالت
کپڑے تیار کرتا بنکر


بھاگلپور، 16 جون (ہ س)۔ پہلے سے بدحال بھاگلپور کی سلک انڈسٹری امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ سے مزید بدحال ہو گئی ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگ کے حالات نے بھاگلپور کی سلک انڈسٹری کی کمر توڑ دی ہے، جس سے بنکروں کی اقتصادی حالت حد سے زیادہ خراب ہو گئی ہے۔

بین الاقوامی بازار میں خام مال کی شدید قلت اور برآمدات ٹھپ ہونے کی وجہ سے تقریباً 25 کروڑ روپے تک کے آرڈر منسوخ ہو چکے ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ بھاگلپور، جسے ہندوستان کی ’سلک سٹی‘ کے طور پر جانا جاتا ہے، پر اس بحران کا براہِ راست اثر پڑا ہے۔ اس بحران کے باعث آرڈرز اور برآمدات میں بھاری گراوٹ آئی ہے۔

امریکہ اور خلیجی ممالک کو جانے والے سلک کے کپڑوں کے بڑے کنسائنمنٹ لٹک گئے ہیں یا منسوخ ہو چکے ہیں۔ جنگ اور عالمی عدم استحکام کی وجہ سے سمندری راستے متاثر ہوئے ہیں، جس سے دھاگے اور کیمیکل رنگوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔

پیداواری لاگت بڑھنے اور بازار میں خریدار نہیں ہونے کی وجہ سے بنکروں کی آمدنی صفر ہو گئی ہے۔ کئی لوم بند ہو چکی ہیں اور کاریگر فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔ کورونا وبا کے بعد سے ہی یہاں کی انڈسٹری سنبھلنے کی کوشش کر رہی تھی، لیکن اس عالمی کشیدگی نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

واضح رہے کہ بھاگلپور کا سلک دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ایسے میں یہاں کا سلک نہ صرف ملک کے بازاروں میں بلکہ بیرونِ ملک بھی جاتا ہے۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہاں کا کپڑا سب سے زیادہ امریکہ اور خلیجی ممالک میں جاتا ہے۔ لیکن جنگ نے بنکروں کی کمر توڑ دی ہے۔

عبدالقیوم بنکر منچ کے صدر حسنین انصاری نے بتایا کہ کورونا کے بعد سے ہی بنکروں کی حالت ابتر ہو گئی تھی۔ درمیان میں الگ الگ ممالک میں ہونے والی جنگوں نے یہاں کے بنکروں کی پوزیشن کو مزید کمزور کر دیا۔ یہاں کا مال بنگلہ دیش جاتا تھا لیکن وہاں کی صورتِ حال بھی درمیان میں خراب ہوئی تو وہاں بھی مال جانا بند ہو گیا۔

اب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کی وجہ سے تقریباً 25 کروڑ کا آرڈر کینسل کر دیا گیا ہے، جس سے ایک بار پھر لوم بند ہونے کے دہانے پر ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ سلک کی صورتِ حال دھیرے دھیرے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

یہاں کا سب سے خاص تسر سلک ہے۔ یہاں تسر، مونگا، کوٹا، مٹکا، مالبری، ارنڈی سمیت دیگر کئی طرح کے کپڑے تیار کیے جاتے ہیں۔ اب اس کا وجود ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande