
لندن، 16 جون (ہ س)۔ ٹینس لیجنڈز سرینا ولیمز اور وینس ولیمز ایک بار پھر ومبلڈن کورٹ پر ایک ساتھ نظر آئیں گی۔ آل انگلینڈ کلب نے منگل کو انہیں خواتین کے ڈبلز مقابلے کے لیے وائلڈ کارڈز سے نوازا۔
یہ فیصلہ گرینڈ سلیم کے آغاز سے تقریباً دو ہفتے قبل سامنے آیا ہے، جس سے سرینا کی تقریباً چار سال بعد پیشہ ورانہ ٹینس میں واپسی ہوئی ہے۔ 44 سالہ سرینا نے گزشتہ ہفتے لندن میں کوئینز کلب چیمپئن شپ میں واپسی کی تھی، جب کہ وینس ایک محدود شیڈول کے ساتھ مسلسل کھیل رہی ہیں اور بدھ کو 46 سال کی ہو جائیں گی۔
ولیمز بہنوں کو ٹینس کی تاریخ میں خواتین کے ڈبلز کے کامیاب ترین جوڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ دونوں نے مل کر کل 14 گرینڈ سلیم ڈبلز خطاب جیتے ہیں، جن میں ومبلڈن کے چھ خطاب بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اپنا پہلا ومبلڈن ٹائٹل 2000 میں جیتا تھا اور آل انگلینڈ کلب میں ان کی آخری فتح 2016 میں ہوئی تھی۔
سرینا نے کناڈا کی وکٹوریہ ایمبوکو کے ساتھ کوئنز کلب میں اپنا پہلا ڈبلز میچ جیت کر اپنی واپسی کا مضبوط آغاز کیا۔ تاہم، ایمبوکو بعد میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئی، جس سے دونوں کو مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا۔ ولیمز بہنیں آخری بار 2022 یو ایس اوپن میں ایک ساتھ کھیلی تھیں، جہاں وہ پہلے راو¿نڈ میں ہار گئیں۔ اس سے پہلے، وہ چار سال سے زیادہ عرصے تک ایک ساتھ ڈبلز نہیں کھیلی تھیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی