
ممبئی، 16 جون (ہ س)۔ عوامی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے مہاراشٹر حکومت نے ایک نئی پہل کے تحت ممبئی کے سائن اسپتال میں انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کے سی ایس آر فنڈ سے جدید ترین بایو کیمسٹری بلڈ اینالائزر نصب کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا ہے کہ اس جدید نظام کی مدد سے مریضوں کو تیز اور زیادہ درست تشخیصی سہولتیں دستیاب ہوں گی، جس سے علاج کے عمل میں بھی تیزی آئے گی۔وزیر اعلیٰ فڑنویس نے کہا کہ ریاستی حکومت کی ترجیح صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے عام شہریوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈین آئل جیسی سرکاری کمپنیوں کی جانب سے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (کی ایس آر) کے تحت صحت کے شعبے میں دیا جانے والا تعاون نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائن اسپتال میں نصب کیا گیا یہ جدید بایو کیمسٹری بلڈ اینالائزر تشخیصی عمل کو مزید تیز، مؤثر اور درست بنائے گا، جس سے ڈاکٹروں کو فوری طبی فیصلے لینے میں مدد ملے گی اور مریضوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔سائن اسپتال ممبئی میونسپل کارپوریشن کا ایک اہم طبی مرکز ہے جہاں ممبئی سمیت ریاست کے مختلف علاقوں سے روزانہ ہزاروں مریض علاج کے لیے آتے ہیں۔ اسپتال میں روزانہ بڑی تعداد میں خون کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، جس کے باعث لیبارٹری پر کافی دباؤ رہتا ہے۔ اس نئے ہائی کیپیسٹی آٹومیٹڈ بایو کیمسٹری بلڈ اینالائزر کی مدد سے ٹیسٹ رپورٹس جاری کرنے میں لگنے والا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔ یہ نظام بڑی تعداد میں نمونوں کو کم وقت میں پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور زیادہ درست و قابلِ اعتماد نتائج فراہم کرے گا۔حکام کے مطابق اس سہولت سے تشخیصی عمل میں تیزی آئے گی اور مریضوں کا بروقت علاج ممکن ہو سکے گا۔ خاص طور پر ایمرجنسی صورتحال میں یہ نظام انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ریاست میں عوامی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت، مقامی اداروں اور مختلف کارپوریٹ تنظیموں کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے اقدامات معاشرے کے ضرورت مند طبقات تک معیاری طبی سہولتیں پہنچانے کی کوششوں کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے