
حیدرآباد، 16 جون (ہ س)۔
وزیراعلی ریونت ریڈی نے 16 مارچ تا 12 جون پرجا پالنا پرگتی پرنالیکا پروگرام کے دوران مختلف محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ اس پروگرام کے نتیجہ میں نظم ونسق عوام کے قریب پہنچنے میں مدد ملی ہے۔ 99 روزہ اس پروگرام کے دوران محکمہ جات نے اپنی کارکردگی خاص طورپرعوامی مسائل کی یکسوئی سے وزیراعلی کوواقف کرایا۔ رکن راجیہ سبھا وی نریندرریڈی، چیف سکریٹری رام کرشناراؤ ،ڈی جی پی سی وی آنند، وزیراعلی آفس کے پرنسپل سکریٹری شیشادری کے علاوہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ضلع سے مواضعات کی سطح تک 99 روزہ پروگرام کی تفصیلات سے وزیراعلی کوواقف کرایا گیا۔ وزیراعلی نے محکمہ جات کومبارکباد پیش کی اور کہا کہ چیف سکریٹری سے ضلع کلکٹر تک تمام اعلیٰ عہدیداروں نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔وزیراعلی نے کہاکہ ضلع کلکٹرس اوراعلیٰ عہدیداروں کوہرماہ عوام کی سطح تک پہنچ کرمسائل کاجائزہ لیناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ چیف سکریٹری کے ذریعہ ضلع کلکٹرس کورپورٹ پیش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 99 روزہ پروگرام کے اختتام کے باوجود عہدیداروں کوعوام سے رابطہ میں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ بعض محکمہ جات کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے لئے شروع کردہ فلاحی اسکیمات کی موثراندازمیں تشہیرکی جائے ۔ میڈیااور ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سطح پرموصولہ عوامی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کویقینی بنایاجائے۔ وزیراعلی نے تمام تعلیمی اداروں میں سولارپاور پلانٹس کے قیام کا مشورہ دیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اورہاسپٹلس میں ملازمین کیلئے چہرہ شناسی کے ذریعہ حاضری کا نظام متعارف کرنے کی ہدایت دی۔ ۔۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق