
نئی دہلی، 16 جون (ہ س)۔ دہلی-قومی راجدھانی خطے میں چار نئے گرین فیلڈ شہر تیار کیے جائیں گے اور دہلی کے آس پاس ایک جدید ’نمو سٹی‘ بنائی جائے گی۔ یہ فیصلہ منگل کو نیشنل کیپیٹل ریجن پلاننگ بورڈ (این سی آر پی بی) کی 42ویں میٹنگ میں لیا گیا۔ اس میٹنگ کی صدارت مرکزی ہاوسنگ اور شہری امور کے وزیر منوہر لال نے کی۔ میٹنگ میں این سی آر کی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
منوہر لال نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ علاقائی منصوبہ 2041 کو حتمی شکل دے کر اگلے دو ماہ کے اندر لاگو کر دیا جائے گا۔ این سی آر کی موجودہ حدود میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ منصوبے کے تحت، ہر ریاست میں ایک بڑے شہر کو گرین فیلڈ ’نمو نوڈ‘ کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ دہلی کے ارد گرد بنائے جانے والے ’نمو شہر‘ جدید ترین شہری سہولیات اور بہتر انفراسٹرکچر سے لیس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ این سی آر تقریباً 55,000 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے، جس میں 32 اضلاع شامل ہیں۔ خطے میں ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنے کے لیے نئی پالیسیاں لاگو کی جائیں گی۔ میٹنگ میں اراولی خطے کے تحفظ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ موجودہ جنگلات محفوظ رہیں گے اور سبزہ زار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اجلاس میں آلودگی پر قابو پانے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ سڑکوں سے بی ایس-1، بی ایس-2، اور بی ایس-3 گاڑیوں کو ہٹانے اور بی ایس-6 گاڑیوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ایک’پریورتن یوجنا‘ نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت پرانی گاڑیوں کوا سکریپنگ کے لیے بھیجا جائے گا اور نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے مراعات فراہم کی جائیں گی۔ بی ایس-3 گاڑیاں 2010 سے استعمال میں ہیں اور اب ان کی عمر 16 سال ہے، اس لیے انہیں مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔
ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے اور بہتر رابطے کو یقینی بنانے کے لیے میٹرو اور نمو بھارت ریل نیٹ ورک کو وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔ تجویز میں این سی آر کے چار بڑے شہروں کو نمو بھارت پروجیکٹ کے تحت جوڑنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس کے لیے تقریباً 5,000 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔
میٹنگ میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق، این سی آر کی موجودہ آبادی تقریباً 75 ملین ہے، جو اگلے 15 سالوں میں دوگنی ہو سکتی ہے۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹیشن، ہاو¿سنگ اور انفراسٹرکچر کے لیے طویل مدتی منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔
ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نایب سنگھ سینی، اتر پردیش کے شہری ترقی کے وزیر اے کے شرما، راجستھان کے شہری ترقی کے وزیر جھابر سنگھ کھراکے علاوہ کئی سینئر افسران منصوبہ ساز میٹنگ میں موجود تھے۔ مرکزی وزیرمنوہر لال نے کہا کہ یہ منصوبہ این سی آر کی ترقی کو ایک نئی سمت دے گا اور آنے والے برسوں میں خطے کی بڑھتی ہوئی آبادی اور ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan