ناگپور میں ایئر فورس جوان کی اہلیہ کے ساتھ جنسی استحصال اور جبراً تبدیلی مذہب کی کوشش کا الزام
ناگپور، 16 جون (ہ س)۔ ناگپور میں ایئر فورس کے ایک جوان کی اہلیہ کے ساتھ مبینہ طور پر نشہ آور مادہ پلا کر جنسی استحصال کرنے، اس کی ویڈیو بنانے، بلیک میلنگ کے ذریعے رقم وصول کرنے اور مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ
NAGPUR-FORCED-CONVERSION-CASE


ناگپور، 16 جون (ہ س)۔ ناگپور میں ایئر فورس کے ایک جوان کی اہلیہ کے ساتھ مبینہ طور پر نشہ آور مادہ پلا کر جنسی استحصال کرنے، اس کی ویڈیو بنانے، بلیک میلنگ کے ذریعے رقم وصول کرنے اور مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر سونے گاؤں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ شکایت کے مطابق یہ استحصال گزشتہ ایک سال سے جاری تھا۔

پولیس کے مطابق ناگپور میں رہنے والی متاثرہ خاتون کا شوہر ایئر فورس میں ملازم ہے جبکہ خاتون زمین کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ تقریباً ایک سال قبل ایاز تاج مدارے نامی ایک جاننے والے شخص نے اس سے رابطہ کیا اور دعویٰ کیا کہ اس کے پاس زمین خریدنے کا ایک ممکنہ گاہک موجود ہے۔ اس نے خاتون کو وردھا روڈ کے علاقے میں واقع امپیریل گرین ہوٹل میں ملاقات کے لیے بلایا۔

شکایت کے مطابق ہوٹل میں ایاز مدارے نے خاتون کی کولڈ ڈرنک میں نشہ آور دوا ملا دی۔ بے ہوش ہونے کے بعد ایاز مدارے اور اس کے ساتھی امین شیخ نے مبینہ طور پر خاتون کے ساتھ زیادتی کی اور پوری واردات کی ویڈیو بھی بنا لی۔ بعد ازاں اسی ویڈیو کی بنیاد پر خاتون کو بلیک میل کیا جاتا رہا۔ متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملزمان نے کئی مرتبہ اس کا جنسی استحصال کیا اور اس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 9 ہزار روپے وصول کیے۔ اس کے علاوہ ملزمان نے مدھیہ پردیش کے ضلع چھندواڑہ کے علاقے تامیا سے تعلق رکھنے والے ایک مولانا کی مدد سے خاتون پر اسلام قبول کرنے اور نکاح کرنے کے لیے دباؤ بھی ڈالا۔

خاتون کسی طرح ملزمان کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہوئی اور بعد ازاں سونے گاؤں پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت موصول ہونے کے بعد کرائم ڈیٹیکشن یونٹ کے انچارج وکرانت کارتکر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایاز مدارے اور امین شیخ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کے تحت عصمت دری، بھتہ خوری اور جبراً مذہب تبدیل کرانے کی کوشش سمیت مختلف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کے علاوہ ’’مہاراشٹر انسانی قربانی اور دیگر غیر انسانی، توہم پرستانہ و کالے جادو کی روک تھام اور خاتمے کے قانون‘‘ کے تحت بھی کارروائی کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande