جموں صوبے میں انسدادِ منشیات کاروائیوں کے دوران سات سو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا
جموں, 16 جون (ہ س)۔ جموں ڈویژن میں منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے 700 سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے، جبکہ 45 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادی
Arrested


جموں, 16 جون (ہ س)۔ جموں ڈویژن میں منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے 700 سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے، جبکہ 45 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط یا منسلک کی گئی ہیں۔ یہ انکشاف ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) جموں بھیم سین توتی کی مشترکہ صدارت میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت 100 روزہ انسدادِ منشیات مہم کی دو ماہ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کے خلاف 598 مقدمات درج کیے گئے، جن کے سلسلے میں اب تک 701 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ جموں ڈویژن میں منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے 155 حساس مقامات (ہاٹ اسپاٹس) کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران 14 کلوگرام سے زائد ہیروئن، 49 کلوگرام گانجا، 3.712 کلوگرام چرس اور 204.5 کلوگرام پوست بھوسہ برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ پوست اور جنگلی بھنگ کی غیر قانونی فصلوں کو بھی تلف کیا گیا، جبکہ 476 لیٹر غیر قانونی شراب ضبط کی گئی۔

انسدادِ منشیات مہم کے تحت 62 غیر منقولہ جائیدادیں، جن کی مالیت تقریباً 19.30 کروڑ روپے ہے، منہدم کی گئیں، جبکہ 24.86 کروڑ روپے مالیت کی 21 جائیدادوں اور 1.69 کروڑ روپے مالیت کے منقولہ اثاثوں کو ضبط یا منسلک کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے 180 پاسپورٹ معطل کرنے کی سفارش کی گئی، جبکہ 101 ڈرائیونگ لائسنس معطل اور 81 منسوخ کیے گئے۔ ٹرانسپورٹ محکمہ نے بھی 243 گاڑیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ معطل اور 94 منسوخ کیے ہیں۔

بحالی کے اقدامات کے تحت 2,293 منشیات کے عادی افراد میں سے 884 نوجوانوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 547 کی بحالی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ 254 نوجوانوں کو خود روزگار اسکیموں سے جوڑا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر رمیش کمار نے بحالی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، کونسلنگ سہولیات اور ہیلپ لائنز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور بحالی پانے والے افراد کی مسلسل نگرانی ضروری ہے۔

آئی جی پی جموں بھیم سین توتی نے کہا کہ نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور منشیات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید شدت سے جاری رکھی جائیں گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande