
بھوپال، 16 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ماڈل اور ایکٹریس ٹویشا شرما کی موت کے معاملے میں ملزم شوہر سمرتھ سنگھ اور ساس ریٹائرڈ جج گری بالا سنگھ کی عدالتی حراست 30 جون تک بڑھا دی گئی ہے۔
دونوں کی عدالتی حراست کی مدت منگل کے روز ختم ہونے کے بعد سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے بھوپال کی خصوصی عدالت میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے انہیں پیش کیا اور عدالتی حراست 30 جون تک بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد عدالت نے سی بی آئی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے عدالتی حراست بڑھانے کا حکم دیا۔
ٹویشا شرما کے فریق کے وکیل شبھانگ دیکشیت نے بتایا کہ گری بالا سنگھ اور سمرتھ کو گزشتہ سماعت کے دوران 16 جون تک عدالتی حراست میں بھوپال کی مرکزی جیل بھیج دیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے منگل کو انہیں عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے دوران گری بالا سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ جیل میں انہیں جو ہندی اور انگریزی اخبارات فراہم کیے جا رہے ہیں، ان میں سے ان کے کیس سے متعلق خبریں کاٹ کر الگ کر دی جاتی ہیں۔ انہیں پورا اخبار پڑھنے دیا جائے۔ ساتھ ہی، وکیلوں سے ملاقات کے لیے طے شدہ 20 منٹ کی وقت کی حد کو ختم کیا جائے، کیونکہ کیس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے قانونی مشورے کے لیے زیادہ وقت درکار ہے۔
گری بالا نے عدالت میں یہ مانگ بھی رکھی کہ انہیں بیٹے سمرتھ سنگھ کے ساتھ ایک ہی وقت پر اپنے وکیلوں سے ملنے کی اجازت دی جائے، اس سے قانونی حکمتِ عملی پر بہتر تال میل بن سکے گا۔ گری بالا سنگھ نے عدالت کے سامنے اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹویشا کے اہل خانہ اور رشتہ دار میڈیا میں مسلسل بیانات دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کر کے انہیں عوامی بیانات دینے سے باز رہنے کو کہا جائے۔ جانچ کے دوران ٹویشا کی دوائیں ضبط کی گئی تھیں، لیکن ضبطی پنچ نامے (میمو) کی کاپی گری بالا یا سمرتھ کے وکیلوں کو نہیں دی گئی، وہ دلوائی جائے۔ سماعت کے دوران گری بالا سنگھ نے سی بی آئی کی طرف سے پیش کردہ عدالتی حراست بڑھانے سے متعلق درخواست کی کاپی بھی مانگی۔ عدالت کے حکم پر یہ کاپیاں ان کے وکیلوں کو دے دی گئیں۔
وکیل دیکشیت نے کہا کہ سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی تک ایجنسی کو موصول نہیں ہوئی ہے، یہ رپورٹ تفتیش سے متعلق ایک اہم دستاویز ہے۔ اس کے بعد سی بی آئی نے سمرتھ سنگھ اور گری بالا سنگھ کی عدالتی حراست 30 جون تک بڑھانے کی درخواست کی۔ عدالت نے اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے دونوں ملزمان کی عدالتی حراست 30 جون تک بڑھا دی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن