کرناٹک حکام کے گھروں اور دفاتر پر لوک آیوکت نےچھاپے مارے
بنگلورو، 16 جون (ہ س)۔آمدنی سے زیادہ جائیداد حاصل کرنے کے الزامات کے تحت لوک آیوکت کے عہدیداروں نے منگل کو کرناٹک کے مختلف اضلاع میں ایک بڑے پیمانے پرکارروائی کرتے ہوئے کئی سرکاری افسران کے گھروں، دفاتر اور دیگر احاطوں پر چھاپے مارے۔ چھاپوں کے د
KR-Lokayukta-raids-across-the-state


بنگلورو، 16 جون (ہ س)۔آمدنی سے زیادہ جائیداد حاصل کرنے کے الزامات کے تحت لوک آیوکت کے عہدیداروں نے منگل کو کرناٹک کے مختلف اضلاع میں ایک بڑے پیمانے پرکارروائی کرتے ہوئے کئی سرکاری افسران کے گھروں، دفاتر اور دیگر احاطوں پر چھاپے مارے۔ چھاپوں کے دوران دستاویزات اور مالیاتی ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے۔

لوک آیوکت کے افسران نے کرناٹک ہاؤسنگ بورڈ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر راجنّااور ایلہنکا بیس کام کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (اے ای ای ) ادے کمار کی بنگلورو میں رہائش گاہوں اور دفاتر پر چھاپے مارے۔ ان افسران کے خلاف آمدنی سے غیر متناسب اثاثے رکھنے کی شکایات کی بنیاد پر چھاپے ماری کی گئی ہے۔

کلبرگی میں بھی لوک آیوکت نے بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے افسران پر اپنا شکنجہ کسا ہے۔ پانچ مقامات پر چھاپے مارے گئے جن میں پنچایت راج محکمہ کے ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ انجینئر مانک کنکٹی کی رہائش بھی شامل ہے۔ کلبرگی شہر کے گودوتائی نگر میں ایک گھر، بیدر ضلع کے ہلی کھیڑ گاؤں میں ایک مکان، ہمن آباد میں دو تجارتی احاطے اور ایک فارم ہاؤس کی تلاشی لی گئی۔ یہ کارروائی لوک آیوکت پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھ راجو کی قیادت میں کی گئی۔

چکمگلورو میں لوک آیوکت حکام نے اسسٹنٹ کنزرویٹر آف فاریسٹ (اے سی ایف) موہن کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا۔ شہر کے علاقے کلیان نگر میں واقع رہائش گاہ پر دستاویزات کی جانچ کی جارہی ہے۔ یہ کارروائی لوک آیوکت ڈی وائی ایس پی تھروملیش کی قیادت میں بار بار کی شکایت موصول ہونے کے بعد کی گئی۔

لوک آیوکت نے داونگیرے میں تین اعلیٰ عہدیداروں کے گھروں، دفاتر اور فارم ہاؤسز پر بھی چھاپے مارے۔ بیلوسیمی ڈیولپمنٹ بورڈ کے سکریٹری کرشنا نائک، این ڈبلیو کے آر ٹی سی کے چیف مکینیکل انجینئر سدھیشور ہیبال اورکے آر آئی ڈی ایل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر سنّاکینچپا کے احاطے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔

کل 12 خصوصی ٹیموں نے داونگیرے، ہبلی اور بیلگاوی سمیت مختلف مقامات پر بیک وقت آپریشن شروع کیا ہے۔ تحقیقات کے دوران جائیداد کے دستاویزات، بینک ٹرانزیکشنز اور دیگر مالیاتی ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے۔ چھاپوں کے دوران ملنے والی دستاویزات اور ممکنہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande