
کانگریس کو سنگھ کی ملک کے تئیں وفاداری پر سوال اٹھانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں : آر اشوک
بنگلورو، 16 جون (ہ س)۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے بارے میں کانگریس قائدین کے تبصروں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آر اشوک نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس آر ایس ایس کی ملک کے تئیں وفاداری پر سوال اٹھانے کا کوئی اخلاقیحق نہیں ہے۔ اشوک نے 'ایکس' (سابقہ ٹویٹر) پر تبصرہ کیا کہ کانگریس - ایک ایسی جماعت ہے جس نے ملک کی تقسیم کی ذمہ دار مسلم لیگ جیسی تنظیموں کے ساتھ سیاسی اتحاد کیا، ان کا آر ایس ایس پر تبصرہ کرنا ستم ظریفی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس کو پہلے اپنی سیاسی تاریخ کا خود جائزہ لینا چاہئے۔
ایک واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈرنے کہا کہ جب ودھان سودھا کے سامنے مبینہ طور پر 'پاکستان زندہ باد' کے نعرے لگائے گئے تھے، اس وقت نہ تو ریاستی حکومت اور نہ ہی وزیر پرینک کھڑگے نے مناسب کارروائی کی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جو لوگ ملک دشمن ذہنیت کے حامل افراد کی حمایت کرتے ہیں، وہ اب آر ایس ایس کی قانونی حیثیت اور قومی خدمات پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ کانگریس کے اندر وزیراعلیٰ کے عہدہ کے ممکنہ دعویداروں کے درمیان مسابقت جاری ہے اور پرینک کھڑگے پارٹی قیادت کی توجہ مبذول کرانے کے لیے آر ایس ایس کا مسئلہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کے مطابق 2028 کے اسمبلی انتخابات پر نظر رکھتے ہوئے سیاسی حکمت عملی کے تحت ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں۔ اشوک نے مزید الزام لگایا کہ پرینک کھڑگے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیہی ترقی سمیت مختلف محکموں میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی