
جموں، 16 جون (ہ س)۔ شری امرناتھ جی یاترا کے پیش نظر جملوں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس بھیم سین توتی نے تمام سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل طور پر چوکس اور آپریشنل طور پر تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں یاترا کے دوران سیکورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فوج، سی آر پی ایف، بی ایس ایف، ایس ایس بی، سی آئی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، انٹیلی جنس ایجنسیوں، ٹریفک پولیس، ایس ڈی آر ایف اور ریلوے پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
آئی جی پی بھیم سین توتی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یاترا کے پُرامن اور محفوظ انعقاد کے لیے تمام ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل اور مسلسل نگرانی ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ فورسز کو اپنی ذمہ داریوں اور تعیناتی کے مقامات سے مکمل طور پر آگاہ رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سمیت یاترا روٹ پر قائم مختلف بیس کیمپوں اور رہائشی مراکز کے سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران انٹیلی جنس شیئرنگ، نگرانی کے نظام، قافلوں کے تحفظ، ٹریفک کنٹرول اور ایمرجنسی رسپانس سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ یاتریوں کی آمد و رفت بلا تعطل جاری رہ سکے۔اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ اداروں نے شری امرناتھ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کو محفوظ اور سہل سفر فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر