
شملہ، 16 جون (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں موسم مسلسل تبدیل ہو رہا ہے۔ ایک طرف آندھی، گرج چمک اور بارش سے شدید گرمی سے نجات مل رہی ہے تو دوسری جانب ڑالہ باری باغبانوں اور کسانوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں 19 جون تک آندھی، آسمانی بجلی گرنے اور بارش کی وارننگ جاری کی ہے، جب کہ کئی علاقوں میں ڑالہ باری کے امکان کے پیش نظر 18 جون کو اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اگرچہ منگل کو شملہ سمیت ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم صاف اور دھوپ کھلی رہی، لیکن محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ یہ راحت عارضی ہے۔ بدھ سے موسم دوبارہ تبدیل ہو جائے گا، 18 جون کو بارش کی سرگرمیاں سب سے زیادہ شدید ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 17 جون کو ریاست کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ 18 جون کو بارش مزید تیز ہو جائے گی۔اس دن 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی، بعض مقامات پر آسمانی بجلی گرنے اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔ گرج چمک اور تیز ہواوں کا اثر 19 جون کو بھی کئی علاقوں میں رہے گا۔ 20 اور 21 جون کو موسم نسبتاً پرسکون رہنے کی توقع ہے جبکہ 22 جون کو بعض مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے کئی حصوں میں اچھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش گوہر میں 46 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ جوت میں 41 ملی میٹر، کفری میں 39.6 ملی میٹر، نگروٹا سوریاں میں 35.6 ملی میٹر، مراری دیوی میں 31.5 ملی میٹر، پچھاد میں 24 ملی میٹر، اولینڈا میں 23.4 ملی میٹر، شلارو میں 18.8 ملی میٹر، کانگڑا میں 16.4 ملی میٹر اور شملہ میں 12.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس عرصے میں شملہ، جبڑہٹی، کانگڑا، سندر نگر، کفری، جوت اور مراری دیوی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ شملہ، رام پور، چوپال، کنور اور منڈی کے کچھ علاقوں میں بھی ڑالہ باری کی اطلاع ملی۔ پیر کی شام شملہ اور بالائی شملہ کے کئی علاقوں میں شدید ڑالہ باری ہوئی جس سے سیب، مٹر اور دیگر موسمی سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق منگل کی صبح ریاست کا اوسط کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 2.4 ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیا گیا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، کم سے کم درجہ حرارت کوکمسیری میں 5.3 ڈگری سیلسیس، کیلونگ میں 7.4، کلپا میں 8.6، کفری میں 10.1،تابو میں 11.3، برمور میں 12.0، منالی میں 12.2، سیوباغ میں 13.7 ،شملہ اور سولن میں15.2 ، بھونترمیں 15.5، سندر نگر میں 16.1، دھرم شالہ میں 16.9، پالم پور میں 17.0، چمبا میں 17.6، منڈی اور سراہن میں 17.7، جبڑہٹی اور ناہن میں 18.0 اور 18.3، کانگڑا میں 18.5، بلاس پور میں 21.0 ،نیری میں 21.2،پاونٹاصاحب میں 24.0 اور دہرا گوپی پور میں24.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
وہیںسب کی نظریں جنوب مغربی مانسون کی آمد پر لگی ہوئی ہیں۔ شملہ موسمیاتی مرکز کے ایک سائنسدان سندیپ شرما کے مطابق مانسون کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں مانسون کی آمد کی درست پیشین گوئی اس کی آمد سے تقریباً تین دن قبل ہی دی جا سکتی ہے۔ عام طور پر، مانسون 22 جون کے آس پاس شملہ پہنچتا ہے اور 25 جون تک پوری ریاست کا احاطہ کرتا ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر مانسون کی آمد کا امکان اگلے ہفتے کے اندر ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی