
گروگرام (ہریانہ)، 16 جون (ہ س)۔ قومی سلامتی اور امن و امان کے پیش نظر گروگرام پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشی شہریوں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ کرائم برانچ سیکٹر 39 کی ٹیم نے خصوصی تلاشی مہم چلائی اور 13 غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا۔ ان تمام کے پاس بنگلہ دیشی شہریت کے کاغذات پائے گئے ہیں۔ پولیس کے ترجمان سندیپ کمار نے منگل کو کہا کہ پولیس اب انہیں قانونی عمل کے تحت ملک بدر کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم) ہتیش یادو کی قیادت میں یہ کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ ٹیم نے مشتبہ افراد کی شناخت اور شہریت کی تصدیق کے لیے گروگرام میں مختلف تعمیراتی مقامات اورجھگی -جھونپڑیوں پر چھاپے مارے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ افراد بنگلہ دیشی ایجنٹ کی مدد سے کالیا گنج بارڈر کے ذریعے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوئے تھے اور وہاں مزدوروں کے طور پر رہ رہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس ہتیش یادو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کرایہ داروں، گھریلو ملازموں، ملازمین اور ہوٹلوں اور تجارتی اداروں میں کام کرنے والوں کی پولیس تصدیق کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے آر ڈبلیو اے اور مقامی باشندوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد