
جموں, 16 جون (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک منگل کے روز بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) سمیت چار فوجی زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نوشہرہ سیکٹر کے اگلے علاقے کالال میں فوج کی ایریا ڈومینیشن پٹرولنگ کے دوران ایک بارودی سرنگ اچانک فعال ہو گئی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔
دھماکے میں ایک جے سی او اور تین جوان زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ فوجی ذرائع کے مطابق تمام زخمی اہلکاروں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دراندازی روکنے کے لیے سرحدی علاقوں میں بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں۔ بارشوں کے دوران بعض اوقات یہ سرنگیں اپنی جگہ سے ہٹ جاتی ہیں، جس کے باعث اس نوعیت کے حادثات پیش آ سکتے ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر