
نئی دہلی، 16 جون (ہ س)۔ دہلی سمیت شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور تیز ہواوں کا سلسلہ اگلے تین دنوں تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت زیادہ تر علاقوں میں معمول سے تین ڈگری سیلسیس تک گر جائے گا۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، دہلی میں 17 جون کی صبح اور دوپہر کے دوران تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس دن زیادہ تر مقامات پر کم از کم درجہ حرارت معمول کے قریب (-1.5 سے 1.5 ڈگری سیلسیس) رہے گا، جب کہ کچھ مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم (-1.6 سے -3.0 ڈگری سینٹی گریڈ) رہے گا۔ مغربی ہواوں کی توقع ہے، صبح کے وقت رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ مغربی ہواوں کی رفتار دوپہر کے وقت بڑھ کر 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی جبکہ شام کے وقت یہی رفتار کم ہو کر 15 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔
جمعرات کو بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 35سے37 ڈگری سیلسیس اور 27سے29 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ جمعہ کو بھی یہی صورتحال رہے گی، درجہ حرارت میں قدرے اتار چڑھاو کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، مغربی ہمالیہ کے علاقے میں ہلکی سے درمیانی بارش اور شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں 18سے22 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس ہفتے شمال مشرقی ہندوستان اور ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں الگ الگ مقامات پر بھی موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ ودربھ کے کچھ علاقوں میں 19 جون تک، تلنگانہ میں 18 جون تک، اور چھتیس گڑھ میں 17 جون تک گرمی کی لہر کے حالات کا بھی بہت امکان ہے۔
اگلے 4سے5 دنوں میں جنوب مغربی مانسون کےتلنگانہ، اڈیشہ، جھارکھنڈ، بہار اور چھتیس گڑھ کے کچھ حصوں میں آگے بڑھنے کے لیے حالات سازگار ہیں۔ اگلے چھ دنوں میں وسطی ہندوستان، مشرقی ہندوستان، شمال مشرقی ہندوستان، مغربی ہندوستان اور جنوبی جزیرہ نما ہندوستان کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش،کچھ مقامات پر بھاری بارش کے آثار ہیں۔ ان علاقوں میں تیز ہواوں اور کہیں کہیں لو چلنے کا بھی امکان ہے۔ کچھ مقامات پر ڑالہ باری کا بھی امکان ہے۔
اگلے دو دنوں میں کونکن اور گوا، وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور اڈیشہ میں گرم اور مرطوب موسم کی توقع ہے۔وہیں اگلے تین دنوں میں کونکن اور گوا کے کچھ علاقوں میں گرم راتوں کے آثار ہیں۔
وسطی ہندوستان میں 19 جون تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کوئی تبدیلی نہ ہونے کی توقع ہے اور بتدریج 2سے 3 ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے۔ وہیں، 22 جون تک ملک کے دیگر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کوئی تبدیلی نہ ہونے کی توقع ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی