
جموں، 16 جون (ہ س)۔ امرناتھ یاترا سے پہلے، جموں و کشمیر حکومت نے انتظام اور تال میل کو بہتر بنانے کے لیے مختلف محکموں کے 63 اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔ ان افسران کو یاترا کے راستے کے ساتھ مختلف بیس کیمپوں اور ٹرانزٹ کیمپوں میں کیمپ ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل کیمپ ڈائریکٹرز کے طور پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس اور دیگر محکموں کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں پر امرناتھ شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے دفتر میں رپورٹ کریں، کیونکہ شرائن بورڈ مخصوص کیمپ پوسٹنگ کا تعین کرے گا۔ ڈیپوٹیشن کی مدت کے دوران، افسران اپنے اصل محکموں سے ہی اپنی تنخواہیں لینا جاری رکھیں گے اور امرناتھ یاترا کے اختتام پر اپنے اصل عہدوں پر واپس آجائیں گے۔ تعینات کیے گئے افسران میں اے ڈی سی سامبا جگدیش سنگھ، سی ای او، ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی پٹنی ٹاپ، وریندر کمار منیال، ایڈیشنل سکریٹری، جل شکتی محکمہ، چندر پرکاش، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈی ایم آر آر آر، اتل کمار،محکمہ سیاحت کے ایڈیشنل سکریٹری وکاس دھر بگاتی، جوائنٹ ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن (جموں)، گوردیو کمار، ڈپٹی سکریٹری، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، وکاس شرما، ریونیو اٹارنی وشال سنگھ پریہار، اس کے ساتھ ساتھ جموں ڈویڑن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مختلف بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز، چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسرز، اسٹیٹ ٹیکس آفیسرز اور دیگر عہدیداران شامل ہیں۔
حکومت نے تمام کنٹرولنگ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تعینات اہلکاروں کو بروقت فارغ کریں۔ یہ تعیناتیاں انتظامیہ کی تیاریوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد سالانہ یاترا کے لیے بہتر انتظام، رابطہ کاری اور عوامی سہولیات کو یقینی بنانا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی