
نئی دہلی، 15 جون (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے پیر کے روز کہا کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی سپلائی مستحکم بنی ہوئی ہے۔ مغربی ایشیا کے بحران کے باوجود ریفائنریز اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور خام تیل کا وافر ذخیرہ بھی برقرار رکھا جا رہا ہے۔
پٹرولیم اور قدرتی گیس وزارت کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے نئی دہلی میں بین وزارتی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور گھریلو رسوئی گیس (ایل پی جی سلنڈر) کی سپلائی مستحکم ہے۔ ریفائنریز پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور خام تیل کا کافی ذخیرہ موجود ہے۔
سجاتا شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگرچہ کچھ ریٹیل آؤٹ لیٹس پر فروخت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ صنعتی، براہِ راست، ادارہ جاتی اور تجارتی صارفین نے اب ریٹیل آؤٹ لیٹس سے ایندھن خریدنا شروع کر دیا ہے، جس کے باعث وہاں فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ مئی میں 42 کروڑ ڈیزل کی فروخت بلک سے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر منتقل ہوئی۔
جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کے ڈائریکٹر اوپیش کمار شرما نے بتایا کہ ایل این جی کیریئر دشا 62,370 ایم ٹی ایل این جی کارگو لے کر آبنائے ہرمز سے محفوظ طریقے سے گزر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جہاز کے 18 جون کو دھیج پہنچنے کی توقع ہے۔
اوپیش کمار شرما نے کہا کہ بندرگاہ، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت، بحری عملے کی فلاح و بہبود اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے وزارتِ خارجہ، بیرون ملک بھارتی مشنز، شپنگ کمپنیوں اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ مغربی ایشیا میں 28 فروری سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان آج امن معاہدے پر اتفاق ہوا ہے۔ اس معاہدے پر 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں دستخط کیے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد