
کولکاتا، 15 جون (ہ س)۔ میدنی پور کی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے پیر کو ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کے قریبی ساتھی سمت رائے کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا۔ پولیس کئی دنوں سے اس کی تلاش کر رہی تھی لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے وارنٹ گرفتاری کے لیے درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق شالبنی تھانہ علاقہ میں درج ایک کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں سمت رائے کی تلاش کی جارہی ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سمت کا نام میدنی پور کے سابق ایم ایل اے سوجے ہزارا سے پوچھ تاچھ کے دوران سامنے آیا، جسے زمین گھوٹالے کے ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش تیز کردی۔
سنیچر کی صبح شالبنی پولیس مرکزی فورسز کے ساتھ، سمت رائے کی تلاش میں کولکاتا کے کالی گھاٹ میں ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر پہنچی۔ پولیس کو شبہ تھا کہ سمت وہاں ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سمت کے موبائل فون کی آخری ٹاور لوکیشن ابھیشیک کی رہائش گاہ کے قریب سے ملی تھی۔ جس کی بنیاد پر پولیس نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ کافی انتظار کے بعد پولس تالا توڑ کر گھر میں داخل ہوئی اور تلاشی لی لیکن سمت کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
اسی دن پولیس نے ہگلی ضلع کے سریرام پور میں سمت رائے کے سسرال کے گھر پر چھاپہ مارا، لیکن وہ وہاں بھی نہیں مل سکا۔ مسلسل تلاشی کے بعد بھی کوئی کامیابی نہیں ملی، پولیس نے عدالت سے رجوع کیا اور وارنٹ گرفتاری کی درخواست کی۔
فی الحال سمت رائے کی تلاش جاری ہے اور وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد پولیس کی کارروائی مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔
وہیں، زمین گھوٹالہ معاملہ میں گرفتار سابق ایم ایل اے سوجے ہزارہ کی پولیس حراست بھی پیر کو ختم ہو رہی ہے۔ انہیں دوبارہ عدالت میں پیش ہونا ہے۔ اس سے قبل، میدنی پور کی ایک عدالت نے اسے آٹھ دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی