
فلاڈیلفیا، 15 جون (ہ س)۔ آئیوری کوسٹ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ای کے ایک میچ میں اتوار کو ایکواڈور کو 1-0 سے شکست دے کر آخری لمحات میں شاندار واپسی کی۔ عماد ڈیالو نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 90 ویں منٹ میں کیا۔
پورے میچ میں ایکواڈور کے حامیوں کا غلبہ واضح طور پر نظر آ رہاتھا۔ پیلے اور نیلے رنگ کے شائقین نے پورے میچ میں اپنی ٹیم کو داد دی لیکن بالآخر جیت آئیوری کوسٹ کی ہی رہی ۔
ایکواڈور نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور کئی اچھے مواقع پیدا کیے۔ 24ویں منٹ میں جان ایبوہ کا زوردار شاٹ کراس بار پر لگا، جب کہ چھ منٹ بعد ایلن منڈا بھی گول کرنے سے محروم رہے اور ان کی کوشش بھی گول پوسٹ سے ٹکرا گئی۔
دوسری طرف آئیوری کوسٹ نے چند مواقع پیدا کئے۔ ایلی واہی کی شاٹ پوسٹ سے ٹکرائی جبکہ سیکو فوفانا اور فرینک کیسی نے مڈ فیلڈ میں ٹیم کومضبوطی دی۔جب میچ بغیر کسی گول کے برابری کی طرف بڑھ رہا تھا، ولفریڈ سنگو نے 90ویں منٹ میں شاندار موو بناتےہوئے گیند کو عماد ڈیالو کے پاس پہنچا دیا۔ ڈیالو نے باکس کے باہر سے بہترین کنٹرول کا مظاہرہ کیا اور آئیوری کوسٹ کو جیت دلانے کے لیے نیٹ میں ایک درست شاٹ داغ دیا۔
اگرچہ ڈیالو نے گول کیا لیکن آئیوری کوسٹ کے نوجوان کھلاڑی ایان ڈیومینڈے نے بھی میچ میں شاندار کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنی تیز رفتاری اور جارحانہ کھیل سے ایکواڈور کے دفاع کو مسلسل پریشان کیا۔
اس جیت کے ساتھ آئیوری کوسٹ نے اپنی گروپ ای مہم کا مضبوط آغاز کیا اور اب پوائنٹس ٹیبل میں اس کے جرمنی کے برابر تین پوائنٹس ہو گئے، جس نے اپنے ابتدائی میچ میں کیورا ساوکو 7-1 سے شکست دی۔
ایکواڈور پر اب اگلا میچ جیتنے کا دباؤ ہو گا کیونکہ مسلسل مواقع پیدا کرنے کے باوجود ٹیم پوائنٹس حاصل نہیں کر سکی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد