
مالیگاؤں، 15 جون (ہ س) بھارتیہ جنتا پارٹی نے ’’اسلام پارٹی‘‘ کے بانی آصف شیخ پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ’’ملک دشمن‘‘ قرار دیا ہے۔ بی جے پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ’’اورنگ آباد ہمارے دل و دماغ میں ہے، اس لیے ہم سمبھاجی نگر نہیں کہیں گے‘‘ جیسا بیان دینے والے آصف شیخ کا موقف قوم مخالف ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔
مالیگاؤں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے مقامی رہنماؤں نے آصف شیخ کے حالیہ اور سابقہ بیانات کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف شیخ نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک سیاسی پروگرام کے دوران شہر کا ذکر ’’اورنگ آباد‘‘ کے نام سے کیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ سرکاری طور پر نام کچھ بھی ہو، ان کے دل و دماغ میں اس شہر کا نام اورنگ آباد ہی رہے گا۔ اس پس منظر میں بی جے پی کے ضلعی صدر نیلیش کچھوے، میٹروپولیٹن صدر دیوا پاٹل، لکی گل، دادا جادھو اور دیگر عہدیداروں نے پریس کانفرنس میں آصف شیخ کے موقف پر شدید اعتراضات اٹھائے۔
بی جے پی رہنماؤں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ناسک کے ٹی سی ایس معاملے میں مشتبہ ملزم دانش شیخ کو اسلام پارٹی کی جانب سے عدالت میں علیحدہ وکیل فراہم کر کے قانونی تعاون دیا گیا۔ ان کے مطابق ٹی سی ایس کمپنی کی خواتین ملازمین کے مبینہ جنسی استحصال اور جبری مذہب تبدیلی جیسے سنگین الزامات سے متعلق مقدمے میں ملزمین کی قانونی مدد کرنا ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔
بی جے پی نے مزید الزام لگایا کہ آصف شیخ، چھترپتی شیواجی مہاراج کے مہاراشٹر میں اورنگزیب اور ٹیپو سلطان کی حمایت کرکے سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ ’’اورنگ آباد‘‘ کا نام تبدیل کرکے ’’چھترپتی سمبھاجی نگر‘‘ رکھنا ایک آئینی اور قانونی عمل کے تحت کیا گیا فیصلہ ہے۔ ایسے میں اس فیصلے کی مخالفت کرنے والوں سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا وہ آئین کو تسلیم کرتے ہیں یا نہیں۔
بی جے پی نے آصف شیخ کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ماضی میں بنگلہ دیشی روہنگیا افراد کے لیے ہندوستان میں امدادی کیمپ قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ اسی طرح مالیگاؤں کے تاریخی بھوئی کوٹ قلعے سے متعلق تجاوزات کے معاملے میں بھی وہ مبینہ طور پر تجاوزات کرنے والوں کے حق میں کھڑے ہوئے تھے۔
پریس کانفرنس میں بی جے پی رہنماؤں نے الزام لگایا کہ آصف شیخ ہمیشہ ان شخصیات کی تعریف کرتے ہیں جنہوں نے چھترپتی شیواجی مہاراج اور چھترپتی سمبھاجی مہاراج کو نقصان پہنچایا۔ ان کے مطابق اورنگزیب اور افضل خان قوم مخالف شخصیات تھیں، لہٰذا ان کی حمایت کرنے والے افراد بھی عوامی تنقید کا سامنا کریں گے۔ بی جے پی نے مطالبہ کیا کہ آصف شیخ کے بیانات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور مناسب قانونی کارروائی کی جائے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے