
جامعة الفیصل تاج پور میں ایس آئی اوکا سہ روزہ سمر کیمپ منعقدنئی دہلی،15جون(ہ س)۔
اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) بجنور کی جانب سے گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی تین روزہ سمر ریزیڈنشل کیمپ کامیابی سے منعقد ہوا۔ یہ کیمپ 12 سے 14جون 2026 تک جامعة الفیصل جونیئر ہائی اسکول راجہ کا تاج پور میں منعقد کیا گیا، جس میں ضلع کے مختلف علاقوں سے 14 سے 20 سال کی عمر کے طلبہ نے شرکت کی۔
اس سال کیمپ کا مرکزی موضوع ”فاستبقوا الخیرات “(نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے سے آگے بڑھو) رکھا گیا تھا۔ اس کے تحت طلبہ کے دین اور فکر سے جڑی سمجھ، اخلاقی تربیت، شخصیت سازی اور قیادت کی صلاحیت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
کیمپ کے دوران مختلف معلومات افزا نشستوں، تربیتی سیشنز، گروپ مباحثوں، کیریئر گائیڈنس و کونسلنگ، کھیلوں کی سرگرمیوں، تخلیقی پروگراموں اور عملی تربیت کا اہتمام کیا گیا۔ ان کے ذریعے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر طور پر سمجھنے اور مثبت سمت دینے کا موقع ملا۔
کیمپ میں مختلف علمی، فکری اور تربیتی سیشنز کو کئی ممتاز شخصیات نے خطاب کیا، جن میں ڈاکٹر سراج الدین ندوی صاحب (رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند یو پی مغرب اور ناظم جامعة الفیصل)، برادر یونس خان (صدر، ایس آئی او یوپی مغرب)، برادر زعیم اختر (آرگنائزنگ سیکریٹری، ایس آئی او یوپی مغرب)، اسامہ طیب (ایجوکیشن سیکریٹری، ایس آئی او یوپی مغرب)، برادر ثناءاللہ حسان (آفس سیکرٹری ایس ائی او اتر پردیش مغرب) محمد دانش (ڈسٹرکٹ آرگنائزر ایس آئی او بجنور) یٰسین ذکی صاحب (سیکریٹری، جامعة الفیصل راجہ کا تاج پور) محتشم نعمانی صاحب (ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند بجنور) اور جناب محمد ایوب صاحب (امیر مقامی جماعت اسلامی ہند باسٹہ) شامل تھے۔
مقررین نے طلبہ کی فکری نشوونما، کردار سازی، تعلیمی رہنمائی اور سماجی ذمہ داریوں جیسے اہم موضوعات پر اپنے خیالات پیش کیے۔ڈاکٹر سراج الدین ندوی نے اپنے خطاب میں ملک و ملت کی تعمیر میںنوجوانوں کو آگے بڑھ کر کام کرنے اور مثبت کرادار ادا کرنے کے لیے مہمیز کیا۔
شرکاءنے کیمپ کے بارے میں اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے اسے ایک یادگار اور مفید تجربہ قرار دیا۔ طلبہ نے کہا کہ اس کیمپ نے نہ صرف ان کے علم و فکر میں اضافہ کیا، بلکہ ان میں خود اعتمادی، نظم و ضبط اور سماجی ذمہ داری کا جذبہ بھی مضبوط کیا۔ کئی شرکاءنے مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ایس آئی او یوپی مغرب کے آرگنائزنگ سیکرٹری برادر زعیم اختر نے اختتامی خطاب میں کہا کہ ایس آئی او کا مقصد نوجوانوں کو صرف تعلیم تک محدود رکھنا نہیں، بلکہ انہیں ایک اچھے کردار والا، ذمہ دار اور معاشرے کے لیے مفید فرد بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کی کامیابی میں کارکنان، ذمہ داران اور شرکاءکے تعاون کا اہم کردار رہا۔اس کیمپ کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع بجنور اور خاص طور پر تاج پور کے اراکین اور ایسوسی ایٹس نے اپنی بے لوث خدمات پیش کیں۔
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais