
فتح آباد، 15 جون (ہ س)۔ ہریانہ کے فتح آباد ضلع میں پیر کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ٹوہانہ جانے والی تیز رفتار نجی بس بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے کھیت میں الٹ گئی۔ المناک حادثے میں خاتون سمیت 3 مسافر موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 12 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد مشتعل دیہاتیوں نے ٹوہانہ فتح آباد روڈ کو بلاک کر دیا جس سے علاقے میں کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی۔
پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی نجی بس میں گنجائش سے زیادہ 50 سے 55 مسافر سوار تھے۔ چندڑ گاوں کے ایک مسافر رام مہر نے بتایا کہ ڈرائیور شروع سے ہی لاپرواہی اور بہت تیز رفتاری سے بس چلا رہا تھا۔ جیسے ہی بس بھوڈی گاو¿ں کے قریب ایک کٹ پر پہنچی، ڈرائیور تیزرفتاری سے اچانک بس کو موڑدیا۔ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور بس الٹ کر سیدھی کھیت میں جاگری۔ حادثے کے بعد چیخ و پکار مچ گئی۔ حادثے کی آواز سنتے ہی آس پاس کے گاوں والے اور راہگیر فوری مدد کے لیے پہنچ گئے۔ انہوں نے تیزی سے بس کی کھڑکیاں توڑ کر اندر پھنسے زخمیوں اور خوفزدہ مسافروں کو باہر نکالا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر پولیس اسٹیشن کے انچارج بیر سنگھ پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور راحت اور بچاو کام شروع کیا۔ فی الحال مہلوکین کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سبھاش برالا فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے ذاتی طور پر زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچانے کا انتظام کیا اور انتظامی حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ امدادی سرگرمیاں تیز کریں اور زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کریں۔
گاوں والوں نے ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ اس المناک حادثے کے بعد گاوں والوں میں غصہ پھوٹ پڑا۔ واقعہ کے فوری بعد ملزم ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع سے فرار ہو گئے۔ مشتعل گاوں والوں نے بھوڈی گاو¿ں میں دھرنا شروع کر دیا اور ٹوہانہ-فتح آباد روڈ کو بلاک کر دیا۔ گاو¿ں والوں کا الزام ہے کہ ڈرائیوروں کی اس طرح کی لاپرواہی ہر روز معصوم جانوں کا ضیاع کر رہی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ سڑک سے نہیں ہٹیں گے اور جب تک فرار ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو گرفتار نہیں کیا جاتا اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ کچھ لوگوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ڈرائیور نشے میں تھا۔ سڑک کی بندش اور بڑھتے ہوئے تناو کی اطلاع ملنے پر انتظامی اہلکار حرکت میں آگئے۔ ایس ڈی ایم آکاش شرما اور ڈی ایس پی جئے بھگوان بھاری پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ عہدیداروں نے احتجاج کرنے والے دیہاتیوں سے بات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ امن برقرار رکھیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔
گاوں والوں کو یقین دلاتے ہوئے ڈی ایس پی جئے بھگوان نے کہا کہ پولیس معاملے کی اچھی طرح سے جانچ کر رہی ہے۔ پولیس ٹیمیں فرار ڈرائیور اور کنڈکٹر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ تاہم پولیس کی اس یقین دہانی کے باوجود گاو¿ں والے اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ احتجاجی مقام پر موجود لوگوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے علاقے میں حالات کشیدہ لیکن قابو میں ہیں۔ اس دوران پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی بس کو قبضے میں لے کر ملزم ڈرائیور کے خلاف لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی