
ممبئی، 15 جون (ہ س)۔ ٹیلی ویژن دنیا کی معروف اداکارہ سنچیتا اُگلے اپنے گھرمیں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت خودکشی کا معاملہ ہوسکتی ہے، تاہم پولیس تمام پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد تفریحی صنعت اور ان کے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق سنچیتا اُگلے اپنے والدین اور بہن کے ساتھ ممبئی میٹروپولیٹن خطے کے نالاسوپارا علاقے میں رہتی تھیں۔ واقعے کے وقت وہ گھر میں اکیلی موجود تھیں۔ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے ساڑی کے ذریعے پھندا لگا لیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اورلاش کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا آغازکر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے اور مکمل تفتیش کے بعد ہی موت کی اصل وجوہات واضح ہو سکیں گی۔
سنچیتا اُگلے نے ٹیلی ویژن کے کئی مقبول سیریلز میں اداکاری کی تھی، جن میں ’’کمکم بھاگیہ‘‘، ’’دل والی دلہن لے جائے گی‘‘ اور ’’ساجن گھر‘‘ شامل ہیں۔ انہوں نے فلموں میں بھی کام کیا تھا اور حال ہی میں وکی کوشل کی فلم ’’چھاوا‘‘ میں ’’تارابائی‘‘ کے کردار میں نظر آئی تھیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اپنی موت سے چند گھنٹے قبل ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ریل ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں وہ خوش اور مطمئن دکھائی دے رہی تھیں۔ ان کی اچانک موت کی خبر سے مداح حیران اور صدمے میں ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں لوگ انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے