
جموں،15 جون(ہ س)۔
منشیات کے خلاف جاری مہم نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت ڈوڈہ پولیس نے ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے منشیات کی غیر قانونی تجارت سے مبینہ طور پرحاصل کی گئی 40.18 لاکھ روپے مالیت کی رہائشی جائیداد اور دکانیں ضبط کر لی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی پولیس اسٹیشن گندوہ میں درج ایف آئی آر نمبر 39/2026 کے سلسلے میں کی گئی، جو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20/29 کے تحت درج ہے۔ تفتیش کے دوران منشیات کی بھاری مقدار اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد ہونے کے بعد مالیاتی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم قمر دین ولد محمد دین کی ملکیت تین منزلہ رہائشی مکان اور دکانیں واقع دومیل کاہرا اورایک رہائشی مکان واقع بانی ترنکل مبینہ طورپرمنشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ آمدنی سے تعمیر یا خریدے گئے تھے۔
پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے باب وی اے کے تحت مذکورہ جائیداد کو ضبط کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق جائیداد اور منشیات کی غیر قانونی آمدنی کے درمیان واضح تعلق ثابت ہونے کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈوڈہ پولیس نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور غیر قانونی ذرائع سے حاصل کیے گئے مزید اثاثوں کی نشاندہی کر کے انہیں بھی ضبط کیا جائے گا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشی سے متعلق معلومات فراہم کر کے منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر