
نئی دہلی، 15 جون (ہ س)۔ عالمی اقتصادی چیلنجوں اور مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے باوجود، ہندوستان کے تجارتی شعبے نے حوصلہ افزا خبریں دی ہیں۔ مئی میں ملک کی تجارتی اشیاءکی برآمدات 18 فیصد اضافہ کے ساتھ 45.2 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
تجارت اور صنعت کی وزارت نے پیر کو کہا کہ ہندوستان کی اشیا کی برآمدات سال بہ سال مئی میں 18 فیصد اضافہ کے ساتھ 45.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ درآمدات بھی 20.62 فیصد بڑھ کر 73.41 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 28.21 ارب ڈالر رہا۔
وزارت نے کہا کہ مئی میں ہندوستان کی تجارتی اشیاءکی برآمدات اب تک کی سب سے زیادہ ماہانہ کل برآمدات تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق اپریل تا مئی کے دوران ملکی برآمدات سال بہ سال 16.09 فیصد اضافے کے ساتھ 88.91 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ وہیں، اپریل سے مئی کے دوران سونے کی درآمدات 60 فیصد بڑھ کر 9.04 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق برآمدات میں اضافے کا سب سے بڑا محرک پیٹرولیم سیکٹر رہا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں مئی میں سالانہ 54.89 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جواہرات اور زیورات کی برآمدات میں بھی 6.66 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔
کامرس سکریٹری راجیش اگروال نے مئی کے برآمدی اعداد و شمار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سال برآمدات کے لیے بہت اچھا سال ثابت ہوگا۔ اگروال نے کہا کہ مئی میں مغربی ایشیا کو ہندوستان کی برآمدات قدرے کم ہو کر 5.30 ارب ڈالر رہ گئیں، جو مئی 2025 میں 5.38 ارب ڈالر تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق، مئی کے لیے ہندوستان کی کل برآمدات (سامان اور خدمات پر مشتمل) کا تخمینہ 81.96 ارب امریکی ڈالر لگایا گیا ہے، جو مئی 2025 کے مقابلے میں 15.83 فیصد کی مثبت نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ وہیں، مئی 2026 کے لیے ملک کی کل درآمدات (سامان اور خدمات پر مشتمل) 92.47 ارب امریکی ڈالرکا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو کہ مئی 2025 کے مقابلے میں 19.23 فیصد مثبت اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی