
منماڑ (ناسک)، 15 جون(ہ س)۔ پونے پولیس کمشنریٹ کے تحت خرادی پولیس تھانے میں درج قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب دو مفرور ملزمان کو منماڑ ریلوے پولیس کی ٹیم نے کوپرگاؤں کے قریب کانہے گاؤں علاقے میں گنے کے کھیت سے فلمی انداز میں تعاقب کرکے گرفتار کر لیا۔ پولیس کی آمد کی اطلاع ملتے ہی دونوں ملزمان نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی، تاہم پولیس نے مسلسل پیچھا کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق خرادی پولیس تھانے میں درج قتل کے مقدمے کے دو مشتبہ ملزمان فرار تھے۔ پونے دیہی پولیس ٹیم کے انسپکٹر سنتوش سونونے نے دونوں ملزمان کی تصاویر منماڑ ریلوے پولیس کو ارسال کرتے ہوئے اطلاع دی کہ قتل کے مقدمے میں مطلوب یہ افراد پونے سے پونے-گورکھپور ایکسپریس کے ذریعے فرار ہو رہے ہیں۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے منماڑ ریلوے پولیس فوری طور پر متحرک ہوگئی۔ ملزمان کی معلومات حاصل کرنے کے بعد تلاش شروع کی گئی۔ منماڑ ریلوے پولیس تھانے کے تحت کوپرگاؤں میں تعینات پولیس اہلکار بابا صاحب جرے، رام دھن گھول وے اور ریلوے سب انسپکٹر راکیش کمار نے موصولہ اطلاع کی بنیاد پر کوپرگاؤں ریلوے اسٹیشن پر پونے-گورکھپور ایکسپریس کی تلاشی لی۔ٹرین میں موجود مسافروں کو مشتبہ افراد کی تصاویر دکھا کر پوچھ گچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ تصویر میں نظر آنے والے دونوں افراد کانہے گاؤں ریلوے اسٹیشن کے قریب چلتی ٹرین سے کود کر فرار ہو گئے ہیں۔ یہ اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس کی ٹیم فوری طور پر کانہے گاؤں پہنچی اور پولیس انسپکٹر راج کمار پاڈوی کی قیادت میں تلاش مہم شروع کی گئی۔پولیس کو قریب آتا دیکھ کر دونوں مشتبہ افراد گنے کے کھیت کے راستے فرار ہونے لگے، تاہم پولیس اہلکاروں نے کانٹوں اور جھاڑیوں کے درمیان سے راستہ بناتے ہوئے دوڑ لگا کر فلمی انداز میں ان کا تعاقب جاری رکھا اور بالآخر دونوں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار شدگان کو کوپرگاؤں لایا گیا جہاں پوچھ گچھ کے دوران ان کی شناخت پہو انیل عرف انیش شیخ (22 سال)، پیشہ پنکچر سازی، حال مقیم خرادی، پونے، اصل رہائشی بہار، اور سہیل انیل عرف شیخ (20 سال)، حال مقیم خرادی، پونے، اصل رہائشی بہار کے طور پر ہوئی۔ تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ دونوں آپس میں سگے بھائی ہیں۔ بعد ازاں دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے خرادی پولیس تھانے کے انسپکٹر گنیش جگدالے کے حوالے کر دیا گیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے