
شولاپور، 15 جون (ہ س) ضلع شولاپور کے تعلقہ مالشیراس کے تاندلوواڑی گاؤں میں ’’چھوٹا ہاتھی‘‘ گاڑی کے کنویں میں گرنے سے پیش آنے والے المناک حادثے کے دوران عرفان مجاور نامی نوجوان نے غیرمعمولی جرات اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار افراد کی جانیں بچا لیں۔ جان کی پروا کیے بغیر انجام دی گئی اس امدادی کارروائی پر ہر طرف ان کی ستائش کی جا رہی ہے۔
حادثے کے وقت عرفان مجاور کنویں کے قریب ہی موجود تھے۔ انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ ’’چھوٹا ہاتھی‘‘ گاڑی بے قابو ہو کر جھولے کھاتی ہوئی سیدھی کنویں میں جا گری۔ صورتحال کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے انہوں نے فوراً گاؤں کے لوگوں کو فون کرکے جائے حادثہ پر جلد پہنچنے کی اطلاع دی۔
مدد کے انتظار کے بجائے عرفان نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے کنویں میں چھلانگ لگا دی۔ سب سے پہلے انہوں نے دو سالہ معصوم بچے آرو کو بحفاظت باہر نکالا۔ اس کے بعد مزید تین افراد کو پانی سے نکال کر ان کی جانیں بچائیں۔ تاہم اس ہولناک حادثے میں بعض دیگر زائرین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے عرفان مجاور نے بتایا کہ وہ سڑک کے کنارے جا رہے تھے جبکہ ’’چھوٹا ہاتھی‘‘ ان کے آگے چل رہا تھا۔ اچانک گاڑی نے ایک دو جھٹکے کھائے اور سیدھی کنویں میں جا گری۔
عرفان مجاور کی جرات، بہادری اور انسان دوستی کا یہ عمل پورے علاقے میں موضوعِ گفتگو بن گیا ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے ان پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے