
نئی دہلی، 12 جون (ہ س)۔ ہندوستانی ہاکی شائقین کے لیے آنے والے دو ہفتے بے حد دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہونے والے ہیں۔ 14 سے 28 جون تک ہندوستانی مرد اور خواتین ہاکی ٹیمیں مختلف براعظموں میں اہم بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں حصہ لیں گی، جس کے باعث تقریباً ہر روز ہندوستانی ہاکی دیکھنے کا موقع میسر آئے گا۔
مردوں کی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 26-2025 میں یورپ میں شرکت کرے گی، جبکہ بھارتی خواتین ٹیم ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی نیشنز کپ میں شرکت کے لیے آکلینڈ جائے گی۔
اس دورے کو اس لیے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ اسی سال ہاکی ورلڈ کپ اور ایشیائی کھیل جیسے بڑے مقابلے منعقد ہونے والے ہیں۔ ایسے میں ان میچوں کو ٹیم کے امتزاج اور کھلاڑیوں کی تیاری کے نقطۂ نظر سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
مردوں کی ٹیم اپنے مہم کا آغاز روٹرڈیم میں عالمی نمبر ایک ٹیم نیدرلینڈز مرد ہاکی ٹیم کے خلاف کرے گی۔ اس کے بعد ٹیم موجودہ عالمی چیمپئن جرمنی مرد ہاکی ٹیم کے خلاف مسلسل دو میچ کھیلے گی۔
اسکے علاوہ لندن میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان روایتی اور تاریخی حریفانہ مقابلے بھی دیکھنے کو ملیں گے، جنہیں اس دورے کا سب سے زیادہ زیرِ بحث حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ہندوستان کی خواتین ٹیم کا ہدف نیشنز کپ جیت کر اگلے سیزن کی ایف آئی ایچ پرو لیگ میں واپسی کرنا ہوگا۔ آکلینڈ میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ خواتین ٹیم کے لیے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا بہترین موقع ہے۔
سابق ہاکی کھلاڑی روپندر پال سنگھ نے کہا کہ یہ وقت کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ہر میچ کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ سابق کپتان رانی رامپال نے کہا کہ دونوں بھارتی ٹیموں کا بیک وقت اتنے بڑے عالمی مقابلوں میں شرکت کرنا بھارتی ہاکی کی بڑھتی ہوئی طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔
مردوں کی ٹیم – ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ پروگرام
14 جون: نیدرلینڈز بمقابلہ ہندوستان
17 جون: ہندوستان بمقابلہ جرمنی
18 جون: جرمنی بمقابلہ ہندوستان
21 جون: نیدرلینڈز بمقابلہ ہندوستان
23 جون: پاکستان بمقابلہ ہندوستان
25 جون: انگلینڈ بمقابلہ بہندوستان
26 جون: بہندوستان بمقابلہ پاکستان
28 جون: انگلینڈ بمقابلہ ہندوستان
بھارتی خواتین ٹیم – ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی نیشنز کپ پروگرام
15 جون: ہندوستان بمقابلہ امریکہ
16 جون: ہندوستان بمقابلہ جاپان
18 جون: ہندوستان بمقابلہ یوروگوئے
20 تا 21 جون: ناک آؤٹ / درجہ بندی کے مقابلے
ہندوستانی مردوں کی ٹیم کے میچوں کی نشریات اسٹار اسپورٹس پردستیاب ہوں گی، جبکہ لائیو اسٹریمنگ جیو ہاٹ اسٹار پر دستیاب ہوگی۔ خواتین ٹیم کے میچ واچ ڈاٹ ہاکی پلیٹ فارم پر مفت دیکھے جا سکیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد