
میکسیکو سٹی، 12 جون (ہ س)۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی مقابلے میں میکسیکو نے گھریلو شائقین کے سامنے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 0-2 سے ہرا کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا۔ ایستادیو ازٹیکا میں جمعرات کے روز کھیلے گئے اس مقابلے کے دوسرے ہاف میں کئی اہم واقعات پیش آئے اور کل تین کھلاڑیوں کو لال کارڈ دکھائے گئے۔
میکسیکو نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ رخ اپنایا اور نویں منٹ میں ورلڈ کپ 2026 کا پہلا گول دیکھنے کو ملا۔ جنوبی افریقہ کی دفاعی لائن کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جولین کوئینونس نے قریب سے گیند کو گول میں پہنچا کر تاریخ رقم کر دی۔ اس گول کے بعد ازٹیکا اسٹیڈیم شائقین کے جوش و خروش سے گونج اٹھا۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں جنوبی افریقہ کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ 49 ویں منٹ میں یایا سیتھول کو براہِ راست لال کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ انہوں نے برائن گوٹیرز کو گول کرنے کی پوزیشن میں روکنے کی کوشش کی تھی، جسے ریفری نے گول کرنے کا واضح موقع روکنا قرار دیا۔
عددی برتری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میکسیکو نے 67 ویں منٹ میں اپنی برتری کو دوگنا کر دیا۔ تجربہ کار اسٹرائیکر راول جیمنیز نے شاندار گول کر کے ٹیم کو 0-2 کی مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
جنوبی افریقہ کی حالت اس وقت اور خراب ہو گئی جب میچ کے آخری لمحات میں تھیمبا زوانے کو بھی لال کارڈ ملا اور ٹیم نو کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔ تاہم، مقابلے کے آخری لمحات میں میکسیکو کو بھی جھٹکا لگا جب 90 منٹ کے بعد سیسر مونٹیس کو لال کارڈ دکھا کر باہر بھیج دیا گیا۔
میکسیکو نے اس جیت کے ساتھ ورلڈ کپ مہم کا شاندار آغاز کیا اور گھریلو میدان پر اپنے ارادے واضح کر دیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن