
حیدرآباد، 12 جون (ہ س)۔
حج 2026 کی سعادت حاصل کرنے کے بعد حجاجِ کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس سلسلے میں حجاجِ کرام کی پہلی پروازجمعہ کی صبح راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، شمس آباد پہنچ گئی، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ایئرپورٹ پرخوشی، مسرت اورجذباتی مناظردیکھنے میں آئے۔ تفصیلات کے مطابق پہلی حج پروازصبح تقریباً 6 بجے حیدرآباد پہنچی۔ حجاجِ کرام کی آمد کے پیش نظر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ عازمینِ حج اوران کے اہلِ خانہ کوہرممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسروپاشا نے ایئرپورٹ پرحجاجِ کرام کا استقبال کیا۔اس موقع پرحج کمیٹی کے ایگزیکٹیوآفیسر محمد اسد اللہ، کمیٹی کے اراکین اوردیگرعہدیداران بھی موجودتھے۔ ریاستی وزیربرائے اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین،رکن قانون سازکونسل رحمت بیگ، حج کمیٹی کے اراکین اورمختلف سرکاری عہدیداروں نے بھی حجاجِ کرام کو حج کی کامیاب ادائیگی پر مبارکباد پیش کی اوران کا خیرمقدم کیا۔ اپنے عزیزوں کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پربڑی تعداد میں اہلِ خانہ اوررشتہ دارموجود تھے۔ طویل عرصے بعداپنے پیاروں سے ملاقات کے دوران کئی حجاج اوران کے اہلِ خانہ جذباتی دکھائی دیے۔ ایئرپورٹ کا ماحول خوشی، دعاؤں اورنیک تمناؤں سے بھرپوررہا جبکہ حجاج کا استقبال پھولوں کے گلدستوں کے ساتھ کیا گیا۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں نے اس موقع پرکہاکہ تمام حجاجِ کرام کی بحفاظت واپسی ریاست کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں مزید پروازوں کے ذریعے حجاجِ کرام کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گااوراس مقصد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق