
نوئیڈا، 12 جون (ہ س)۔ اترپردیش کے نوئیڈا میں تھانہ سیکٹر 49 علاقے کے سیکٹر 48 میں واقع ایک سوسائٹی کی چوتھی منزل کے فلیٹ میں جمعرات کی دیر رات آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں فلیٹ میں موجود بزرگ جوڑا پھنس گیا۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا اور فلیٹ کے اندر پھنسے دونوں بزرگوں کو بحفاظت باہر نکال کر انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروایا۔ فلیٹ کے اندر دھواں بھر گیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی۔ فائر بریگیڈ کے قابلِ تعریف کام کی سوسائٹی کے لوگوں نے کافی ستائش کی ہے۔
پولیس کمشنر محترمہ لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج وجے کمار گپتا نے بتایا کہ جمعرات کی دیر رات پولیس کو اطلاع ملی کہ تھانہ سیکٹر 49 علاقے کے سیکٹر 48 میں واقع اوورسیز اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل کے ایک فلیٹ میں آگ لگ گئی ہے۔ فائر بریگیڈ کو اطلاع ملی کہ آگ میں تین لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر سروس کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ جانچ کرنے پر پایا گیا کہ فلیٹ کے اندر ایک بزرگ مرد عمر 86 سال اور ان کی اہلیہ عمر 83 سال پھنسے ہوئے ہیں۔ دونوں لوگ زیادہ عمر ہونے کی وجہ سے چلنے پھرنے سے معذور ہیں۔ ان کا فلیٹ اندر سے بند تھا اور فلیٹ کے اندر دھواں بھرا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ فائر سروس اور مقامی پولیس کی ٹیم نے ہائیڈرولک مشین اور دیگر ضروری آلات کی مدد سے فلیٹ کا دروازہ کاٹ کر اندر داخل ہوئی۔ ٹیم نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں بزرگوں کو ریسکیو کر کے باہر نکالا۔ دھواں زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی۔ انہیں فوری طور پر ایک اسپتال میں علاج کے لیے داخل کروایا گیا۔ دونوں بزرگوں کی حالت اب ٹھیک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا۔ فائر بریگیڈ کے اس دلیرانہ کام کی وہاں کے رہنے والے لوگوں نے کافی تعریف کی ہے۔
عینی شاہد ایم کے سنگھ نے بتایا کہ فائر ڈپارٹمنٹ کے کام کرنے کے طریقے کو آج ہم نے جس طرح دیکھا، اس کی کافی تعریف کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پورا گھر دھوئیں سے بھرا ہوا تھا۔ اپنی جان کی پروا کیے بغیر فائر فائٹرز نے بزرگ جوڑے کو باہر نکالا۔ وہاں کی رہنے والی محترمہ سنیتا سنگھ نے بھی فائر بریگیڈ کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بزرگ جوڑے کی جان بچانے پر محکمہ کی کافی ستائش کی۔ سوسائٹی میں رہنے والے اروند سنگھ نے کہا کہ ہم نے اب تک سنا تھا کہ فائر بریگیڈ کے لوگ کافی لاپرواہی سے کام کرتے ہیں، لیکن آج ہم نے انہیں کام کرتے ہوئے دیکھا تو انہیں سلام کرنے کا دل کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن