
دھولیہ، 12 جون (ہ س)۔ دھولیہ ضلع کے شیرپور تعلقہ کے ساورگاؤں کے قریب شیرپور-چوپڑا ہائی وے پر کیمیکل سے لدا ایک ٹرک الٹنے کے بعد اچانک آگ لگ گئی، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور شاہراہ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کیمیکل سے بھرا ٹرک چوپڑا سے شیرپور کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں ایک نامعلوم گاڑی کی جانب سے کٹ مارے جانے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا۔ اس کے نتیجے میں ٹرک سڑک کے کنارے الٹ گیا اور کچھ ہی دیر بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔عینی شاہدین کے مطابق آگ نے چند منٹوں میں ہی شدت اختیار کر لی اور پورا ٹرک شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔ واقعے کے وقت ڈرائیور اور کلینر نے بروقت ٹرک سے چھلانگ لگا دی، جس کے باعث دونوں محفوظ رہے اور ایک بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔ حادثے اور آگ لگنے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی اور دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ صبح کے وقت پیش آنے والے اس واقعے نے ساورگاؤں اور اطراف کے علاقوں میں کھلبلی مچا دی۔تھالنیر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تباہ شدہ ٹرک کو ہٹانے کے ساتھ ٹریفک بحال کرنے کی کارروائی شروع کر دی۔ پولیس حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق آگ کے باعث ٹرک اور اس میں موجود کیمیکل کا سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جس سے لاکھوں روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے