غیر مراٹھی بس ڈرائیور مراٹھی زبان سیکھیں: پرتاپ سرنائک
ممبئی ، 11 جون (ہ س) ۔ مہاراشٹر کے وزیرِ ٹرانسپورٹ اور شیو سینا(شندے) رہنما پرتاپ سرنائک نے غیر مراٹھی زبان بولنے والے بس ڈرائیوروں سے مراٹھی زبان سیکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈرائیوروں کو مسافروں سے مراٹھی زبان میں ہی گفتگو کرنی چاہ
POLITICS MAHA MARATHI LANGUAGE


ممبئی ، 11 جون (ہ س) ۔ مہاراشٹر کے وزیرِ ٹرانسپورٹ اور شیو سینا(شندے) رہنما پرتاپ سرنائک نے غیر مراٹھی زبان بولنے والے بس ڈرائیوروں سے مراٹھی زبان سیکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈرائیوروں کو مسافروں سے مراٹھی زبان میں ہی گفتگو کرنی چاہیے۔ اس سلسلے میں وزیرِ ٹرانسپورٹ نے ایک کھلا خط جاری کرتے ہوئے عوامی تعاون اور حمایت کی درخواست کی ہے۔اپنے خط میں پرتاپ سرنائک نے کہا کہ مراٹھی محض رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ مہاراشٹر کی ثقافت، شناخت اور سماجی ہم آہنگی کی علامت بھی ہے، اس لیے اس کے تحفظ اور احترام کی ذمہ داری معاشرے کے ہر فرد پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے مطابق مہاراشٹر میں خدمات انجام دینے والے ہر تجارتی مسافر بردار گاڑی کے ڈرائیور کے لیے مراٹھی زبان کا علم وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ڈرائیور مسافروں کے ساتھ مراٹھی میں گفتگو کریں گے تو نہ صرف زبان کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ سماجی تعلقات بھی زیادہ خوشگوار، قریبی اور مؤثر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ زبان صرف الفاظ کے تبادلے کا نام نہیں بلکہ یہ ثقافت، روایات، اقدار اور سماجی شناخت کو محفوظ رکھنے کا اہم ذریعہ بھی ہے، اس لیے روزمرہ زندگی اور عملی معاملات میں مراٹھی زبان کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہونا چاہیے۔وزیرِ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ممبئی سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں غیر مراٹھی ڈرائیور مسافر بردار خدمات سے وابستہ ہیں۔ اگر یہ ڈرائیور مراٹھی سیکھ کر مسافروں سے اسی زبان میں بات چیت شروع کریں تو یہ زبان کے احترام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ہی صوبے میں شہریوں اور مسافروں کی حیثیت سے مراٹھی زبان کے استعمال پر زور دینا ایک فطری امر ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ مراٹھی زبان پر فخر اور اس کے مستقل استعمال کا جذبہ ہر فرد میں پیدا کیا جائے۔پرتاپ سرنائک نے ذرائع ابلاغ کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اخبارات، نیوز چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اگر اس مہم کو بھرپور تشہیر دیں تو مراٹھی سیکھنے کی یہ کوشش ایک مؤثر عوامی تحریک کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ اس سے مراٹھی مکالماتی ثقافت کو نئی تقویت ملے گی اور بیداری کا پیغام ریاست کے کونے کونے تک پہنچے گا۔آخر میں انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ مراٹھی زبان، مراٹھی ثقافت اور مہاراشٹر کی شناخت کے احترام کے لیے متحد ہو کر اس اقدام کو کامیاب بنائیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande