
اندور، 11 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش لیگ (ایم پی ایل) ٹی 20 اسکندیا کپ 2026 میں منگل کے روز اجین فالکنز اور ریوا جگوارز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے مقابلوں میں جیت درج کی۔
پہلے مقابلے میں اجین فالکنز نے بھوپال لائنز کو 16 رن سے ہرا کر جیت کی راہ پر واپسی کی۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے فالکنز نے مقررہ 20 اووروں میں 8 وکٹ پر 195 رن کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔
ٹیم کی جانب سے یش دوبے نے 54 رنوں کی مفید اننگز کھیلی، جبکہ مادھو تیواری نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے 28 گیندوں میں ناٹ آوٹ 61 رن بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے شامل رہے۔ مڈل آرڈر کی گرتی ہوئی کارکردگی کے بعد تیواری نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔
ہدف کا پیچھا کرنے اتری بھوپال ٹیم کا آغاز اچھا رہا، لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے سے ٹیم دباو میں آ گئی۔ ٹیم 20 اووروں میں 7 وکٹ پر 179 رن ہی بنا سکی۔ اجین کی طرف سے مادھو تیواری نے گیند بازی میں بھی تعاون دیتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے مقابلے میں ریوا جگوارز نے اندور پنک پینتھرز کو 31 رن سے ہرا کر شاندار جیت درج کی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ریوا نے 5 وکٹ پر 209 رن کا بڑا اسکور بنایا۔
اننت ورما نے ناٹ آوٹ 71 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ ساگر سولنکی نے محض 28 گیندوں میں 60 رن کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
210 رن کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے اندور پنک پینتھرز کی ٹیم 178 رن پر سمٹ گئی۔ کپتان وینکٹیش ایئر صرف 19 رن ہی بنا سکے، جبکہ شیوم شکلا نے 36 رن کی جدوجہد سے بھرپور اننگز کھیلی۔
ریوا کی جانب سے گیند بازی میں انکت کشواہا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رام ویر گوجر، روہت راجاوات اور کپتان پرتھوی راج سنگھ تومر نے 2-2 وکٹیں لے کر جیت کو یقینی بنایا۔
دونوں میچوں میں بلے بازوں اور گیند بازوں کی متوازن کارکردگی نے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور لیگ میں مقابلے کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن