
کھنڈوا کے اونکاریشور میں نہاتے وقت تین مزدوروں کی نہر میں ڈوبنے سے موت
کھنڈوا، 11 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے کھنڈوا ضلع میں اونکاریشور کے کوٹھی ہیلی پیڈ علاقے میں واقع نہر میں نہانے کے دوران تین مزدوروں کی گہرے پانی میں ڈوبنے سے موت ہو گئی ہے۔ پولیس نے جمعرات کے روز تینوں کی لاشیں برآمد کر لی ہیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق، جمعرات کو اونکاریشور-مورٹکا زیرِ تعمیر سڑک پروجیکٹ میں کام کرنے والے ڈمپر ڈرائیور رام چرن، ساکن کھیردا ضلع کھرگون نے ماندھاتا تھانے میں اطلاع دی کہ ان کے ساتھی ملازمین سنیل ساہو، بھگوان داس ساہو اور انیکیت یادو بدھ کی شام کو کوٹھی نہر میں نہانے گئے تھے۔ جمعرات کو جب تینوں مزدور کیمپ میں واپس نہیں لوٹے، تو ساتھی ملازمین نے ان کی تلاش شروع کی۔ نہر کے کنارے پہنچنے پر تینوں کے کپڑے اور دیگر سامان ملا، جس سے ان کے ڈوبنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ اور ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر تلاشی مہم شروع کی۔ اس دوران سنیل ساہو (20 سال)، ساکن سیدھی، اور انیکیت یادو (تقریباً 25 سال)، ساکن گوپال گنج، بہار کی لاشیں جائے وقوعہ سے تقریباً 200 میٹر دور برآمد کی گئیں۔ برآمد کی گئی دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ وہیں، شام کے تقریباً 5 بجے بھگوان داس ساہو کی لاش بھی جائے وقوعہ سے 300 میٹر کی دوری پر مل گئی۔ تینوں مزدور اونکاریشور-مورٹکا زیرِ تعمیر سڑک پروجیکٹ میں کام کر رہے تھے۔ پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن