
بلڈوزر کارروائی پر روک لگانے کی درخواست دائر
پریاگ راج، 11 جون (ہ س)۔ پولیس انکاونٹر میں مارے گئے ہوٹل کاروباری ونیت رائے عرف ہنی رائے کے غازی پور قتل معاملہ کے ملزم کملیش چودھری عرف کملیش بند کے بھائی سنجے بند نے الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی ہے جس میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے جاری انہدامی نوٹس کو چیلنج کیا گیا ہے۔
منظور شدہ نقشوں کے بغیر کی گئی غیر قانونی تعمیرات پر ایس ڈی ایم صدر نے منہدم کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ سنجے بند کے ساتھ ساتھ تین دیگر ملزمین: شنکر پانڈے، آلوک دوبے اور سونو یادو کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ تمام لوگوں سے 12 جون تک جواب دینے کو کہا گیا ہے۔ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر مسماری کی کارروائی شروع کی جائے گی۔
سنجے بند نے درخواست میں الزام لگایا ہے کہ پولیس نے درخواست گزار کے بھائی کو 3 جون کو بہار سے اغوا کیا اور 4 جون کو فرضی انکاو¿نٹر میں مار ڈالا۔ پولیس انکاونٹر کے بعد ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ یہ نوٹس درخواست گزار پر دباو ڈالنے کے لیے جاری کیا گیا ہے کہ وہ پولیس انکاو¿نٹر پر سوال نہ کرے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ صرف ایف آئی آر کی بنیاد پر بلڈوزر کی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔
اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عرضی گزار پولس انکاونٹر کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ درخواست گزاروں پر نوٹس کے ذریعے دباو ڈالا جا رہا ہے کہ وہ یہ مطالبہ کرنے سے باز رہیں۔ درخواست میں ایس ڈی ایم صدر، غازی پور کی طرف سے جاری کردہ انہدام کے نوٹس کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، ایس ڈی ایم صدر، غازی پوراور پرنسپل سکریٹری، ہوم، کو درخواست میں فریقین کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 29 مئی کی رات ہوٹل تاجر کے بیٹے ونیت رائے کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی