
ٹرمپ کا دعویٰ - ایران نے امریکی فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا، جوابی کارروائی کی وارننگ
واشنگٹن، 9 جون (ہ س)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے پاس ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کو ایران نے مار گرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کو امریکہ سنجیدگی سے لے رہا ہے اور اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ ٹرمپ کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر امریکی فوج کا اے ایچ- 64 اپاچے تھا۔ حالانکہ ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹوں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے اور ان کی حالت معمول پر بتائی جا رہی ہے۔
امریکی صدر نے واقعے کے لیے براہِ راست ایران کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھے گا۔ دوسری طرف، امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے بتایا کہ بچاو مہم میں پہلی بار ایک بغیر پائلٹ والے ڈرون بوٹ (کشتی) کا استعمال کیا گیا۔ ان کے مطابق، ہیلی کاپٹر کے سمندر میں گرنے کے بعد ڈرون بوٹ نے دونوں پائلٹوں کا پتہ لگایا اور تقریباً دو گھنٹے تک پانی میں رہنے کے بعد انہیں محفوظ مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کیپٹن ہاکنز نے کہا کہ یہ مہم جدید فوجی بچاو ٹیکنالوجی کے استعمال کی ایک اہم مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرون بوٹ نے مشکل حالات میں بھی تیزی سے پائلٹوں تک پہنچ کر ان کی جان بچانے میں مدد کی۔ تاہم، ایران کی جانب سے اس امریکی دعوے پر فی الحال کوئی سرکاری ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن