
جوہانسبرگ، 10 جون (ہ س)۔ جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے قریب کلیولینڈ میں نامعلوم حملہ آوروں نے کم از کم 12 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ جنوبی افریقہ کی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ منگل کی دیررات کلیولینڈ کی ایک غیر مجاز بستی میں ہوا۔ اس حملے میں نو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
جنوبی افریقی نیوز چینل ٹائمز لائیو نے اطلاع دی ہے کہ 10 سے زیادہ بندوق بردار ایک سفید ٹویوٹا کوانٹم سے کلیولینڈ میں پیٹرول اسٹیشن کے قریب اترے۔ محلے میں داخل ہوتے ہی انہوں نے کئی مقامات پر رہائشیوں پر فائرنگ کی اور پھر اسی گاڑی میں فرار ہو گئے۔
مقامی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ افسران نے منگل کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 10 منٹ پر فائرنگ کی اطلاع پر ردعمل ظاہر کیا۔ زخمیوں کے علاج کے لیے ہنگامی طبی خدمات فراہم کی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ آٹھ مرد اور تین خواتین جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئیں، جب کہ ایک اور شخص نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ کم از کم نو دیگر زخمیوں کو مختلف طبی مراکز میں لے جایا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی