
شیڈولڈ کاسٹ ریزرویشن کی ذیلی درجہ بندی فوری نافذ کرنے کا مطالبہ ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد 57 برادریوں کو انصاف ملنے کی امیدشولاپور، 10 جون (ہ س) ۔ سکَل ماتنگ سماج نے مطالبہ کیا ہے کہ شیڈولڈ کاسٹ ریزرویشن کی ذیلی درجہ بندی (سب کلاسیفکیشن) کو فوری طور پر نافذ کیا جائے، بصورت دیگر ریاست بھر میں جمہوری طریقے سے شدید احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ شولاپور میں منعقدہ ریاستی سطح کی عزم کانفرنس میں یہ انتباہ دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے سامنے متعدد مطالبات رکھے گئے۔اجلاس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے یکم اگست 2024 کو اپنے ایک اہم فیصلے میں ریاستی حکومتوں کو شیڈولڈ کاسٹ ریزرویشن کی ذیلی درجہ بندی کا اختیار دیا تھا۔ شرکاء کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں ان 57 برادریوں کو انصاف ملنے کی راہ ہموار ہوئی ہے جو طویل عرصے سے ریزرویشن کے فوائد سے محروم رہی ہیں۔ اجلاس میں سماجی رہنماؤں نے اس بات پر ناراضی ظاہر کی کہ ہریانہ، پنجاب، تلنگانہ، آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور کرناٹک جیسی ریاستوں نے ذیلی درجہ بندی کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں، لیکن مہاراشٹر حکومت اب تک کوئی ٹھوس فیصلہ نہیں کر سکی۔سکل ماتنگ سماج نے مطالبہ کیا کہ آئندہ مانسون اجلاس میں ذیلی درجہ بندی سے متعلق فیصلہ کیا جائے۔ مقررین نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مطالبات پر توجہ نہ دی تو ریاست بھر میں ڈویژنل سطح کے مورچے، ضلعی سطح کے احتجاج اور ممبئی کے آزاد میدان میں ایک عظیم الشان مارچ نکالا جائے گا۔اجلاس کے دوران ریزرویشن کے فوائد کا ذات وار سروے کرانے، مختلف سرکاری اسکیموں سے مستفید ہونے والے سماجی طبقات کی تفصیلی رپورٹ جاری کرنے اور سماجی انصاف کے تقاضوں کے تحت ذیلی درجہ بندی کو فوری نافذ کرنے جیسے اہم مطالبات بھی پیش کیے گئے۔
س ریاستی سطح کی کانفرنس میں سابق وزراء اُتم پرکاش کھنڈارے، رمیش باگوے، دلیپ کامبلے اور لکشمن راؤ ڈھوبلے، قانون ساز کونسل کے رکن امیت گورکھے، سابق رکن اسمبلی سدھاکر بھالیراؤ، لہوجی شکتی سینا کے بانی وشنو کاسبے، ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے صدر اجنکیا چاندنے، کرانتی ویر لہوجی شکتی سینا کے ریاستی صدر سریش پاٹولے سمیت مختلف سماجی تنظیموں کے عہدیداران اور ریاست بھر سے ماتنگ سماج کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ ریاستی حکومت سماج کے مطالبات کو سنجیدگی سے لے اور ریزرویشن کی ذیلی درجہ بندی کے نفاذ کے بارے میں فوری فیصلہ کرے تاکہ محروم طبقات کو ان کا جائز حق مل سکے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے