آر سی اے کی جانب سے سول سروسزسمیت مقابلہ جاتی امتحانات کے کوچنگ پروگرام میں داخلہ کے لئے درخواستیں طلب
آر سی اے کی جانب سے سول سروسزسمیت مقابلہ جاتی امتحانات کے کوچنگ پروگرام میں داخلہ کے لئے درخواستیں طلب علی گڑھ, 10 جون (ہ س) ۔ ریزیڈینشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے تعلیمی سال 2026-9627 کے لیے یو پی ایس سی سول سروسز، جوڈی
ریزیڈنشل کوچنگ اکادمی


آر سی اے کی جانب سے سول سروسزسمیت مقابلہ جاتی امتحانات کے کوچنگ پروگرام میں داخلہ کے لئے درخواستیں طلب

علی گڑھ, 10 جون (ہ س) ۔

ریزیڈینشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے تعلیمی سال 2026-9627 کے لیے یو پی ایس سی سول سروسز، جوڈیشیئل سروسز اور اسٹاف سلیکشن کمیشن -کمبائنڈ گریجویٹ لیول (ایس ایس سی-سی جی ایل) امتحانات کی مفت کوچنگ کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہ پروگرام اقلیتی برادریوں، درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور خاتون امیدواروں کے لیے مخصوص ہیں۔

آن لائن درخواستیں جمع کرنے کی آخری تاریخ 5 جولائی 2026 ہے۔ تینوں پروگراموں کے داخلہ امتحانات 9 اگست 2026 کو ملک کے مختلف مراکز پر منعقد ہوں گے۔ درخواست آن لائن پورٹل https://oaps.amuonline.ac.in پر پُر کرنا ہے۔

منتخب امیدواروں کو 10 ماہ کی مفت کوچنگ، باقاعدہ ٹیسٹ سیریز اور تجربہ کار اساتذہ و ماہرین کی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ انہیں آر سی اے کی جدید سہولیات سے آراستہ اور مطالعے کے لیے طویل اوقات تک کھلی رہنے والی معیاری لائبریری سے بھی استفادہ کا موقع ملے گا۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اور معاشی طور پر کمزور طلبہ کو وظائف بھی دیے جا سکتے ہیں۔ سول سروسز اور جوڈیشل سروسز کوچنگ پروگراموں کے منتخب امیدواروں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر طلبہ اور طالبات کے الگ الگ ہاسٹل دستیاب ہیں، جبکہ ایس ایس سی -سی جی ایل پروگرام کے امیدواروں کو ہاسٹل کی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔ سول سروسز پروگرام کا داخلہ امتحان علی گڑھ، لکھنؤ، سری نگر، پٹنہ، ملپورم، کولکاتا، مرشد آباد، نئی دہلی اور گوہاٹی میں ہوگا، جبکہ جوڈیشیئل سروسز کے امیدوار علی گڑھ، لکھنؤ، سری نگر، ملاپورم، مرشد آباد، پٹنہ اور نئی دہلی میں امتحان دے سکیں گے۔ ایس ایس سی-سی جی ایل کا داخلہ امتحان علی گڑھ، نئی دہلی، مرشد آباد، لکھنؤ اور پٹنہ میں ہوگا۔

ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن نے کہا کہ آر سی اے کا شمار معاشرے کے پسماندہ اور کم نمائندگی رکھنے والے طبقات کے لیے مسابقتی امتحانات کی تیاری کرانے والے ملک کے نمایاں اداروں میں ہوتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال آر سی اے کے 14 امیدوار سول سروسز امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں، جو طلبہ و اساتذہ کی محنت اور اکیڈمی کے مؤثر رہنمائی نظام کا ثبوت ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande