
رانچی، 10 جون (ہ س)۔ جھارکھنڈ میں موسم تیزی سے بدلنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 11 اور 12 جون کو ریاست کے کئی اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جس میں گرج چمک اور تیز آندھی کے امکان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والی نمی سے بھری ہواوں کے اثر اور موافق موسمی حالات کی وجہ سے ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم فعال رہے گا۔ لوگوں کو خراب موسم کے دوران چوکس رہنے، کھلے میدانوں یا درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کرنے اور آسمانی بجلی گرنے کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بدھ کو کہا کہ جنوب مغربی مانسون اگلے تین سے چار دنوں میں جھارکھنڈ سمیت اڈیشہ، بہار اور چھتیس گڑھ کے کئی حصوں میں پہنچنے کا امکان ہے۔ مانسون کی آمد کے ساتھ، ریاست میں بارش کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہونے کی امید ہے، جس سے چلچلاتی گرمی سے راحت ملے گی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مختلف حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران دمکا میں سب سے زیادہ 37.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈالٹن گنج درجہ حرارت کے لحاظ سے سب سے زیادہ گرم رہا جہاں سبسے زیادہ درجہ حرارت 41.4 ڈگری سیلسیس رہا۔ دوسری طرف لاتیہار میں ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت 22.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
بدھ کو دارالحکومت رانچی اور آس پاس کے علاقوں میں صبح سے ہی بادل چھائے رہے، جس سے لوگوں کو موسم میں تبدیلی کی امید ہے۔ تاہم، دوپہر میں آسمان صاف ہو گیا اور تیز دھوپ نے حبس اور گرمی میں اضافہ کیا۔ لوگوں کو دن بھر گرم ہواوں اورپسینہ بھری گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو ریاست کے بڑے شہروں رانچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.9 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
*جمشید پور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.4 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 27.8 ڈگری سیلسیس، ڈالٹن گنج میں سبسے زیادہ 41.4 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 29.0 ڈگری سیلسیس، بوکارو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.1 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 27.1 ڈگری سیلسیس ، جبکہ چائی باسا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.8 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 25.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ کے پیش نظر عوام سے چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔ کسانوں، کھلے علاقوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور دیہی علاقوں کے مکینوں کو خاص طور پر موسم کی وارننگ پر نظر رکھنے اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ نے کہا ہے کہ مانسون کی آمد سے قبل ریاست میں موسم تیزی سے بدل سکتا ہے اور کئی علاقوں میں تیز بارش، گرج چمک اور تیزآندھی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی