
رانچی، 10 جون (ہ س)۔ جھارکھنڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے نامزدگی کے عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ریاست میں اپوزیشن بالخصوص بی جے پی پر جمہوری اقدار اور آئینی وقار کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا۔
بدھ کو جاری ایک بیان میں عرفان انصاری نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے طرز عمل سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس کے لئے نہ پالیسی کی کوئی اہمیت ہے،نہ نیت کی کوئی قدر ہے اور نہ ہی سچائی کا کوئی احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا کی نامزدگی کے عمل سے متعلق تنازعات کی غیر جانبداری سے جانچ ہونی چاہئے تاکہ جمہوری اداروں پر عوام کا اعتماد برقرار رہے۔
وزیر صحت نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اپنے ہی لیڈروں اور کارکنوں پر بھروسہ نہیں کر پا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو اپنا امیدوار نہیں ملنے کی وجہ سے ایک صنعتکار کو میدان میں اتارنا پڑا۔انصاری نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ امیدوار کے کاغذات نامزدگی میں سنگین غلطیوں کے باوجود اسے درست قرار دیا گیا۔
وزیر نے یہ بھی الزام لگایا کہ دوسری طرف ایک دلت خاتون امیدوار کی نامزدگی کو مسترد کر دیا گیا جو کہ جمہوری نظام اور آئین کی بنیادی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر انتخابی قواعد و ضوابط قائم ہیں تو ان پر تمام امیدواروں کے لیے یکساں عمل کیوں نہیں کیا گیا؟
عرفان انصاری نے کہا کہ جمہوریت میں قوانین اور ضابطے کسی فرد، جماعت یا طبقے کے لیے مخصوص نہیں ہوتے بلکہ سب پر یکساں طور پر نافذ ہوتے ہیں۔ معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر دہلی جا کر الیکشن کمیشن کے پاس اپنا اعتراض درج کریں گے اور پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کریں گے۔
وزیر صحت نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور منصفانہ ہونا جمہوریت کی بنیاد ہے۔ اگر کسی بھی سطح پر قواعد کی پابندی کے بارے میں شکوک پیدا ہوتے ہیں تو جمہوری نظام پر عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے تحقیقات ضروری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد