
ناندیڑ، 10 جون (ہ س)۔
ضلع ناندیڑ میں امن وامان کی صورتحال برقراررکھنے کے مقصد سے 11 جون کی صبح 6 بجے سے 25 جون 2026 کی نصف شب تک اسلحہ بندی کے احکامات نافذ رہیں گے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کی جانب سے باضابطہ اطلاع جاری کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ضلع میں قانون ونظم کوبرقراررکھنے کے لیے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ نے مہاراشٹر پولیس ایکٹ 1951 کی دفعہ 37(1) اور 37(3) کے تحت مذکورہ مدت کے لیے اسلحہ بندی اور اجتماع پر پابندی کے احکامات نافذ کیے ہیں۔ ان احکامات کے تحت پانچ یا اس سے زیادہ افراد کو عوامی مقامات یا ان کے اطراف میں حکم نامے میں درج مخصوص سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکا گیا ہے۔
تاہم یہ پابندیاں ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں، سرکاری ملازمین، شادی بیاہ کی تقریبات، جنازوں، مذہبی پروگراموں، یاتراؤں اور مجاز حکام کی جانب سے خصوصی اجازت یافتہ جلوسوں پرلاگو نہیں ہوں گی۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ایسے جلوسوں، اجتماعات، ریلیوں، مورچوں اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت دینے کے اختیارات ضلع کے متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے انچارج افسران اور ان دیگر پولیس افسران کو حاصل ہوں گے جنہیں پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ کی جانب سے مجاز قرار دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نافذ کردہ احکامات کی مکمل پابندی کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے