
بیڑ، 10 جون (ہ س) ۔ضلع بیڑ کے معروف مذہبی مقام پرشوتم پوری میں بدھ کے روز ایک بڑا حادثہ ٹل گیا، جب سندفنا ندی میں عقیدت مندوں کو لے جانے والی ایک کشتی اچانک درمیانِ دریا پلٹ گئی۔ کشتی میں تقریباً 35 عقیدت مند سوار تھے، تاہم مقامی شہریوں اور ملاحوں کی بروقت کارروائی کے باعث تمام افراد محفوظ بچا لیے گئے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق عقیدت مند معمول کے مطابق کشتی کے ذریعے ندی عبور کر رہے تھے۔ اسی دوران جب کشتی ندی کے وسطی حصے میں پہنچی تو اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ الٹ گئی۔ ابتدائی اندازے کے مطابق کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار کیے گئے تھے، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ کشتی الٹتے ہی کنارے پر موجود مقامی ملاحوں اور دیہاتیوں نے بغیر کسی تاخیر کے ندی میں چھلانگ لگا دی اور فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کر دی۔ انہوں نے پانی میں ڈوبنے والے تمام 35 عقیدت مندوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔اس سنسنی خیز واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ البتہ چند افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں مقامی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ مقامی شہریوں اور ملاحوں کی جرات، حاضر دماغی اور بروقت امدادی کارروائی کو ہر طرف سراہا جا رہا ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے