شوبھیندو ادھیکاری نے اپنے ذاتی معاون رتھ کے قتل کو پہلے سے سوچی سمجھی سازش قرار دیا، کارکنوں سے صبر و تحمل کی اپیل
کولکاتا، 07 مئی ( ہ س )۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر شوبھیندو ادھیکاری نے اپنے ذاتی معاون چندرناتھ رتھ کے قتل کو پہلے سے منصوبہ بند قرار دیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شوبھیندو نے کہا کہ ان کے معاون چندرناتھ رتھ کو ایک پہلے سے بنائی
شوبھیندو ادھیکاری نے اپنے ذاتی معاون رتھ کے قتل کو پہلے سے سوچی سمجھی سازش قرار دیا، کارکنوں سے صبر و تحمل کی اپیل


کولکاتا، 07 مئی ( ہ س )۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر شوبھیندو ادھیکاری نے اپنے ذاتی معاون چندرناتھ رتھ کے قتل کو پہلے سے منصوبہ بند قرار دیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شوبھیندو نے کہا کہ ان کے معاون چندرناتھ رتھ کو ایک پہلے سے بنائی گئی سازش کے تحت بے رحمی سے قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رتھ کے خاندان اور دیگر زخمیوں کے علاج کی پوری ذمہ داری ٹیم اٹھائے گی۔

شوبھیندو نے کہا کہ اس قتل کا تعلق سیاست سے ہو سکتا ہے، لیکن وہ ابھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے ریاستی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سدھ ناتھ گپتا سے بات کی۔ شوبھیندو نے دعویٰ کیا کہ صحیح جانچ کے لیے پولیس کی طرف سے فوٹیج کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مانگی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ جانچ کے لیے پولیس پر بھروسہ کیا جا رہا ہے۔ یقین دلایا گیا ہے کہ مجرم جلد پکڑے جائیں گے۔ شوبھیندو نے پارٹی کارکنوں اور حامیوں سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال میں قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور امن برقرار رکھیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ ادھیکاری کے ذاتی معاون (پی اے) چندرناتھ رتھ کو بدھ کی رات گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس حملے میں ان کے ساتھ موجود ڈرائیور بدھ دیو بیڑا بھی شدید زخمی ہو گئے۔

بدھ کی رات تقریباً 11:15 بجے چندرناتھ رتھ اپنی گاڑی سے مدھیام گرام علاقے سے گزر رہے تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار کچھ نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو سڑک کے بیچ میں روک لیا۔ عینی شاہدین اور پولیس ذرائع کے مطابق، گاڑی رکتے ہی حملہ آوروں نے بہت قریب سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

چندرناتھ رتھ کے سینے میں کئی گولیاں لگیں، جس سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ شدید حالت میں انہیں فوراً قریبی ویوا سٹی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

ڈرائیور بدھ دیو بیڑا کو بھی گولی لگی ہے اور ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ انہیں کولکاتا کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

خبر ملتے ہی شوبھیندو ادھیکاری، سابق بی جے پی ریاستی صدر سکانت مجمدار، رکنِ پارلیمنٹ ارجن سنگھ سمیت کئی سینئر لیڈر دیر رات اسپتال پہنچ گئے۔ پولیس ڈائریکٹر جنرل گپتا نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کر کے پولیس افسروں سے رپورٹ حاصل کی۔

قتل کے بعد پورے علاقے میں بھاری پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ حملہ آوروں کی تلاش تیز کر دی گئی ہے۔

بی جے پی حامیوں نے رتھ پر حملے کے پیچھے ترنمول کانگریس کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا ہے۔ ترنمول کانگریس نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے عدالت کی نگرانی میں سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔

ترنمول نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ جمہوریت میں سیاسی تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے اور قصورواروں کو جلد سزا ملنی چاہیے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande