
حیدرآباد، 06 مئی (ہ س)۔ سن رائزرز حیدرآباد نے آئی پی ایل 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کنگز کو 33 رن سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ وہیں، پنجاب کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے وہ ٹاپ پوزیشن سے کھسک کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد حیدرآباد نے 20 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 235 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ جواب میں 236 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم 20 اوور میں 7 وکٹ پر 202 رن ہی بنا سکی۔
حیدرآباد کی اننگز میں کئی بلے بازوں نے حصہ ڈالا۔ ہینرک کلاسن نے 43 گیندوں پر 69 رن بنائے، جبکہ ایشان کشن نے 32 گیندوں پر 55 رن کی تیز اننگز کھیلی۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 88 رن کی شراکت ہوئی۔ اس کے علاوہ ابھیشیک شرما (35) اور ٹریوس ہیڈ (38) نے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری پنجاب کی ٹیم کو اچھا آغاز نہیں مل سکا۔ حالانکہ کوپر کونولی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 59 گیندوں پر ناٹ آوٹ 107 رن بنائے، لیکن انہیں دوسرے سرے سے خاطر خواہ تعاون نہیں ملا۔ مارکس اسٹونیس (28) اور سورینش شیڈگے (25) نے کچھ تعاون کیا، لیکن ٹیم ہدف تک نہیں پہنچ سکی۔
گیند بازی میں حیدرآباد کے لیے پیٹ کمنز اور شیوانگ کمار نے 2-2 وکٹ لیے۔ اس جیت کے ساتھ حیدرآباد نے اپنی دعویداری مضبوط کر دی ہے اور ٹورنامنٹ میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن