
چنڈی گڑھ، 7 مئی (ہ س)۔ پنجاب کی راجدھانی چنڈی گڑھ سے متصل موہالی میں جمعرات کی صبح اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ای ڈی کی ٹیم وہاں کی ایک سوسائٹی پر چھاپہ مارنے پہنچی۔ اسی لمحے ایک تاجر نے نویں منزل سے نوٹوں سے بھرا بیگ پھینک دیا۔ نیچے کھڑے ایک شخص نے نوٹوں سے بھرا بیگ لے کر بھاگنے کی کوشش کی، لیکن پولیس اور ای ڈی کی ٹیم نے اسے پکڑ لیا۔
ذرائع کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سنٹیک سٹی پروجیکٹ میں مبینہ دھوکہ دہی کے سلسلے میں موہالی اور چنڈی گڑھ میں 12 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ آج صبح، ای ڈی کی ٹیم نے موہالی کے کھرڑ میں واقع ویسٹرن ٹاورز سوسائٹی میں آئی ٹی ورکر کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کی آمد کی اطلاع ملتے ہی، ایک تاجر نے اپنے نویں منزل کے فلیٹ سے کرنسی نوٹوں سے بھرا ایک بیگ پھینکا، جو نیچے گرتے ہی پھٹ گیا اورنوٹ باہر پھیل گیا۔ اس کا ڈرائیور، جو پہلے سے ہی نیچے کھڑا تھا، فوراً ایک سفید کار میں بیگ لے کر فرار ہوگیا۔ تاہم، موقع پر موجود ٹیم نے تیزی سے کام کیا، اس کا پیچھا کیا اور اسے پکڑ لیا۔ بیگ سے تقریباً 21 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔ ٹیم کو بیگ میں 500-500 روپے کے نوٹوں کے بنڈل ملے۔
جبکہ حکام ابھی تک کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کر رہے ہیں، پولیس نے اب ٹاور میں عوام کا داخلہ بند کر دیا ہے اور چھاپہ مارا جا رہا ہے۔ مرکزی ایجنسی کے اہلکار جائے وقوعہ پر تعینات ہیں۔ سیڑھیوں سے اوپر تک فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی کھرڑ ایشانت سنگلا نے مقامی پولیس کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔ کھرڑ سٹی تھانے کے ایس ایچ او امریندر سنگھ کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش شروع کی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ چھاپہ سوسائٹی کے فلیٹ نمبر 906 میں ماراگیا۔ رہائشی کی شناخت نتن کمار گوہل کے طور پر کی گئی ہے جو مبینہ طور پر آئی ٹی سیکٹر میں کام کرتا ہے۔ نتن کمار تقریباً چار ماہ قبل یہاں منتقل ہوئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی