
کولکاتا، 07 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابی نتائج کے بعد ریاست میں جاری تشدد کے درمیان شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بشیرہاٹ میں بدھ کی رات ایک اور واقعہ سامنے آیا۔ یہاں بی جے پی کارکن روہت رائے عرف چنٹو کو گولی مار دی گئی۔ انہیں تشویشناک حالت میں بشیرہاٹ کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
واقعہ بشیرہاٹ کے گوترا علاقے میں پیش آیا، جہاں بی جے پی کے جھنڈے لگانے کو لے کر بی جے پی کارکنوں اور مبینہ ترنمول حامیوں کے درمیان تنازعہ ہوا تھا۔ بی جے پی نے الزام لگایا ہے کہ ’’ترنمول نواز بدمعاشوں‘‘ نے روہت رائے پر فائرنگ کی۔
رپورٹ کے مطابق روہت رائے کے پیٹ میں گولی لگی ہے۔ اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ ان کی حالت تشویشناک لیکن مستحکم ہے۔ بی جے پی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں روہت رائے اسپتال کے بستر سے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تقریباً 10-8 لوگوں کے گروہ نے جھنڈا لگانے کے دوران انہیں گھیر لیا اور تین لوگوں نے ان پر گولی چلائی۔
یہ واقعہ مدھیم گرام میں بی جے پی لیڈر شبھیندو ادھیکاری کے قریبی ساتھی اور پرائیویٹ اسسٹنٹ چندر ناتھ رتھ کی گولی مار کر ہلاک کیے جانے کے کچھ گھنٹوں بعد پیش آیا۔
پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے، تاہم اب تک ملزمان کی شناخت نہیں کی جا سکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن